مقبوضہ کشمیر، بھارتی فورسز کے ہاتھوں زخمی ہونیوالا معمر شخص چل بسا, جاری انتفادہ کے دوران شہید ہونیوالوں کی تعداد 114ہو گئی

جمعرات 17 نومبر 2016 16:13

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں رواں ماہ کی دو تاریخ کو سرینگر میںزخمی ہونے والا ایک معمر شخص جمعرات کے روز ہسپتال میں زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جس سے مقبوضہ علاقے میں جاری انتفادہ کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کو 114ہو گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر کے علاقے الہیٰ باغ کا رہائشی غلام محمد خان 2نومبر کوسرینگر میں آنسو گیس کا گولہ سر میں لگنے سے زخمی ہو تھا۔

یاد رہے کہ مقبوضہ علاقے میں موجودہ انتفادہ رواں برس آٹھ جولائی کوبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ممتاز مجاہدکمانڈر برہان مظفروانی کے ماورائے عدالت قتل کے دوسرے روزنو جولائی کوشروع ہوا تھا۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ تقریباً ساڑے چار ماہ کے دوران 114افراد کو شہید، سولہ ہزار سے زائد کو زخمی جبکہ چار سو سے زائد کوبصارت سے محروم کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

کٹھ پتلی انتظامیہ نے اس دوران حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت ہزاروںکشمیریوں کوغیرقانونی طورپر نظربند کر دیا۔

دریں حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار،م محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی ، غلام نبی وار اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتونے ایک مشترکہ بیان جبکہ حریت رہنماء محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غلام محمد خان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے ۔ انہوںنے کہا کہ غلام محمد خان کو اس وقت آنسو گیس کے گولے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے گھر کے باہر بنے پارک میں دھوپ میں بیٹھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔