ماحو ل کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے گرین کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،ڈسٹرکٹ آفیسر تحفظ ماحولیات

جمعرات 17 نومبر 2016 16:23

سرگودھا۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) تیزی سے بڑھتی ہو ئی آلودگی پر قابو پانا عام شہری کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، تحفظ ماحولیات کا شعبہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر سطح پر خصوصی آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ قوانین پر عملدرآمد کیلئے کوشاں ہے مگر جب تک عام شہری اپنا کردار ادا نہیں کرینگے، ماحول میں واضح تبدیلی کا امکان کم ہے، ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ آفیسر تحفظ ماحولیات سرگوددھا محمد عارف محمود نے ’’بہتر ماحول بہتر زندگی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سرگودھا میں روانہ دس لاکھ گیلن پانی ضائع ہو رہا ہے جس کا کنٹرول وقت کی اہم ضرورت ہے، آبادی کے تناسب سے ہر شہری ایک گلاس پانی ضائع ہونے سے بچائے تو روزانہ ایک لاکھ80ہزار گیلن پانی کی بچت ممکن ہے ،اس طرح انٹر نیشنل گریڈ کے تحت رقبے کا 25فیصد جنگلات پر مشتمل ہونا چاہیے مگر ہمارے ہاں پا نچ فیصد بھی روز بروز کمی واقع ہو رہی ہے، اگر ہر شہری اپنے حصے کا ایک درخت لگاتا ہے تو ایک سال میں30 لاکھ سے زائد درخت لگائے جا سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ماحول کیلئے سب سے بڑا خطرہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں ہے،انہوں نے کہا کہ ہمیں ماحو ل کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے گرین کلچر کے فروغ کو تقویت دینا ہوگی۔