جرمنی، برطانیہ اور جاپان کی فنی تعلیم و تربیت کے میدان میں پاکستان سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی

نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے ملاقات میں وفود کا مختلف مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا عندیہ

جمعرات 17 نومبر 2016 16:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) جرمنی، برطانیہ اور جاپان نے فنی تعلیم و تربیت کے میدان میں پاکستان سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے سکل سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے مختلف مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ جمعرات کو جرمنی، برطانیہ اور جاپان کے وفود نے نیوٹیک کے ہیڈکوارٹر میں نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے ملاقات کی۔

تین ملکوں کے تکنیکی اور فنی تربیت کے ماہرین پر مشتمل وفود میں برطانیہ کے ایڈمرل امجد حسین اور جاپان کے مسٹرسونوڈا بھی شامل تھے۔ ملاقات کا مقصد پاکستان، جرمنی، یوکے اور جاپان کے مابین فنی و پیشہ وارانہ تربیت کے میدان میں تعاون کو فروغ دینا اور نئے مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال تھا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وفد کو نیوٹیک کے تحت پاکستان میں ٹیوٹ کی فراہمی اور سسٹم میں کئے جانے والی اصلاحات اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا اور موجودہ سسٹم میں مزید بہتری لانے کیلئے تینوں ممالک کے ساتھ اشتراک و تعاون کے مختلف پہلوئوں پر بات چیت کی۔

غیر ملکی وفود نے فنی تعلیم و تربیت کے میدان میں پاکستان سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور سکل سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے مختلف مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے نیوٹیک کے نئے اقدامات اور فنی ہنر مندی کے مقابلوں کو خوش آئند قرار دیا۔