Live Updates

ترک صدر کے دورہ کے سلسلہ میں لاہور کو دلہن کی طرح سجایا گیا ،سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے

شاہراہوں پر مہمان صدر ،وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی تصاویر ،خیر مقدمی ہورڈنگز لگائے گئے ترک صدر کی میزبانی پنجاب حکومت ، عوام کیلئے اعزاز ،ٹریفک کی بندش کے باعث ہونیوالی زحمت پرمعذرت خواہ ہیں‘ ترجمان زعیم قادری

جمعرات 17 نومبر 2016 16:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) ترک صدر رجب طیب اردگان کے دورہ کے سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت لاہور کو دلہن کی طرح سجایا گیا جبکہ سکیورٹی کے لئے بھی غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق برادر اسلامی ملک ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے دورہ لاہور کے سلسلہ میں پنجاب حکومت کی طرف سے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔

مال روڈ سمیت مختلف شاہرائوں پر مہمان صدر رجب طیب اردگان ،وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی تصاویر اور خوش آمدید کہنے کیلئے خیر مقدمی ہورڈنگز لگائے گئے ۔ مال روڈ پر مختلف مقامات پر رنگ برنگے پھولوں سے پاکستان اور ترکی کے پرچم بھی بنائے گئے ۔ مال روڈ، کینال روڈ، پنجاب اسمبلی، شاہی قلعہ اور بادشاہی مسجد سمیت دیگر عمارتوں کو سرخ اور سبز رنگ کی روشنیوں سے سجایا گیا ۔

(جاری ہے)

ترک صدر کے دورہ لاہور کے موقع پر پولیس کیساتھ پاک فوج نے بھی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دئیے ۔ پاک فوج کے جوانوں نے ائیرپورٹ سے آزادی چوک تک پورے روٹ کی سرچ اینڈ سویپنگ کی ۔مہمان صدر کے روٹ پر آنے والے تجارتی مراکز کو ہر قسم کے کاروبار کیلئے بند رکھا گیا ۔ ٹریفک پولیس نے اعلان کے مطابق مہمان صدر کے روٹ کو تین بجے ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ۔

مال روڈ ،جیل روڈ اور شاہراہ فاطمہ جناح پر دکانیں بند کرا دی گئیں ۔ لاہور پولیس کی طرف سے بھی مہمان صدر کے روٹ پر وقفے وقفے سے سرچ اینڈ سویپنگ کی جاتی رہی ۔ ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری نے کہا کہ ترک صدر کی میزبانی پنجاب حکومت اور عوام کیلئے اعزاز ہے۔ٹریفک کی بندش کے باعث عوام کوہونے والی زحمت پرمعذرت خواہ ہیں۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات