پہلی ایشین بلیئرڈ سپورٹس چیمپئن شپ میں شاندار پرفارمنس، پی بی ایس اے کا آصف، بابر اور بلال کیلئے نقد انعامات کا اعلان

جمعرات 17 نومبر 2016 16:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس ای) نے رواں برس منعقدہ پہلی ایشین بلیئرڈ سپورٹس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی کیوئسٹس محمد آصف، بابرمسیح اور محمدبلال کیلئے نقد انعامات کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

رواں سال ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ایونٹ میں آصف اور بابر پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے ٹیم ایونٹ کے فائنل میں ایران کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا جبکہ محمدبلال نے سکس ریڈ ایونٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

پی بی ایس اے کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایسوسی ایشن نے تینوں کیوئسٹس کیلئے نقد انعام کا اعلان کیا ہے، آصف اور بابر کو ایک، ایک لاکھ جبکہ بلال کو پچاس ہزار روپے نقد انعام سے نوازا جائے گا۔