پاکستانی نژاد برطانوی شخص لندن میں تیزاب گردی کا نشانہ بن گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 نومبر 2016 16:48

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17نومبر 2016ء): پاکستانی نژاد برطانوی شخص لندن میں تیزاب گردی کا نشانہ بن گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پانچ بچوں کا باپ 37 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی شخص عمران خان 14 سے 15 لڑکوں پر مشتمل گروہ کا نشانہ بنا جنہوں نے عمران پر تیزاب پھینکا اور فرار ہو گئے۔ عمران نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی تعداد 14 یا 15 تھی۔ میں اپنے دفتر سے پیزا ڈیلیور کرنے نکلا ہی تھا کہ اس گروہ نے مجھے گھیر لیا اور خوب بُرا بھلا بھی کہا۔

(جاری ہے)

گروہ کے اچانک عمل سے مجھے کچھ سمجھ نہیں آیا تب ہی انہوں نے میرے ہاتھ سے کھانا چھینا اور میرے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ تمام واقعہ نہایت ہولناک تھا۔ میرا پورا چہرہ تیزاب کی وجہ سے جل رہا تھا۔ عمران کو تیزاب گردی کا نشانہ بننے کے بعد فوری طور پر کوئینز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انتہائی نگہداشت وارڈ میں ان کا علاج کرنے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ عمران نے بتایا کہ یہ میرے لیے بہت چونکا دینے والا واقعہ تھا جس سے میں ابھی تک خوفزدہ ہوں۔ میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ عمران خان پر حملہ کرنے والے افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔