اوور بلنگ سے غریب عوام مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں، محمد یامین

جمعرات 17 نومبر 2016 17:08

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) وفاقی محتسب اعلیٰ ریجنل آفس کے ایڈوائزر محمد یامین نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے اوور بلنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے غریب عوام مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس میں کے الیکٹرک کی اوور بلنگ کے خلاف دی جانے والی درخواستوں کی سماعت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

محمد یامین نے کہا کہ وفاقی محتسب کے دفاتر میں کے الیکٹرک کے خلاف درخواستوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر درخواستوں کی سماعت ہوتی ہے جبکہ ضلعی سطح پر بھی محتسب عدالت کے انعقاد سے غریب شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کیا جا رہا ہے۔ ایک درخواست گذار محمد فیاض کی اہلیہ نے محتسب عدالت کو بتایا کہ میرے شوہر چپراسی کی ملازمت کرتے ہیں جن کی تنخواہ قلیل آمدنی ہے، اس صورتِ حال میں اضافی بل بھرنے سے قاصر ہوں۔

(جاری ہے)

محتسب عدالت نے کے الیکٹرک کے نمائندے کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اضافی بل کا خاتمہ کرکے فوری انصاف فراہم کردیا۔ محتسب عدالت نے خورشید جمال، زبیر احمد، خالدہ پروین، صدیق محمود کی اہلیہ، نور بخش، ہما جمیل و دیگر درخواست گذاروں کی شکایات کی سماعت کی اور فوری انصاف فراہم کیا۔

متعلقہ عنوان :