کوہلی اور پوجارا کی شاندار سنچریاں، بھارت نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 317 رنز بنا لئے، 22 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد کوہلی اور پوجارا نے تیسری وکٹ میں 226 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا، کوہلی 151 رنز بنا کر ناقابل شکست، پوجارا 119 رنز بنا کر آئوٹ، اینڈرسن کی 3 وکٹیں

جمعرات 17 نومبر 2016 17:09

کوہلی اور پوجارا کی شاندار سنچریاں، بھارت نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ..
ویشاکا پٹنم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) ویرات کوہلی اور چیتشورپوجارا کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 317 رنز بنا لئے، کوہلی 151 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، دوسرے ٹیسٹ کا پہلا روز بھارتی بلے بازوں کے نام رہا، 22 رنز پر دو وکٹیں کھونے کے بعد کپتان کوہلی اور چیتشورپوجارا نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 226 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر نہ صرف ٹیم کو دبائو سے نکالا بلکہ اس کی پوزیشن بھی مستحکم کر دی، کوہلی 151 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں جبکہ پوجارا 119 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

جیمز اینڈرسن نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارتی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 22 کے سکور پر اسے دونوں اوپنرز کا نقصان اٹھانا پڑا، لوکیش راہول صفر اور مرلی وجے 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کپتان ویرات کوہلی اور چیتشور پوجارا انگلش بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے تیسری وکٹ کی شراکت میں 226 رنز کی اہم شراکت جوڑ کر ٹیم کا سکور 248 تک پہنچا کر اسے مشکلات سے نکالا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں، 248 کے سکور پر اینڈرسن نے پوجارا کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، پوجارا 119 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، دن ختم ہونے سے ایک اوور قبل 316 کے سکور پر بھارت کی چوتھی وکٹ گری جب اجنکیا راہانے 23 رنز بنا کر اینڈرسن کی گیند کا نشانہ بنے، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا بھارت نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 317 رنز بنا لئے تھے، کوہلی 151 اور روی چندرن ایشون ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جیمز اینڈرسن نے 3 اور سٹورٹ براڈ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :