شہری اتحاد ایبٹ آباد کا ماہانہ اجلاس،تجاوزات کے آپریشن پر اطمینان کا اظہار

جمعرات 17 نومبر 2016 18:42

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) شہری اتحاد ایبٹ آباد کا ماہانہ اجلاس زیر صدارت معین قریشی ایڈووکیٹ منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری محمد فرقان خان، عبدالصبور ہاشمی، شہناز الرحمٰن قریشی، ذوالفقار سعید قریشی، پیٹر نوروز گل شریک تھے۔ اجلاس میں شہر اور شہریوں کے مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ شہر میں تحصیل ناظم کی جانب سے تجاوزات کے آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ تجاوزات کا آپریشن بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا، صوبائی حکومت اور لوکل انتظامیہ کی جانب سے طلباء کو ڈومیسائل کے حصول میں شدید مشکلات درپیش ہیں، بیان حلفی پر تین چار سو روپے خرچ کرنے کے علاوہ دور دراز سے آنے پر طلباء کا آمدو رفت پر کرایہ خرچ سمیت وقت کا ضیاء بھی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے ڈومیسائل کے حصول کو آسان بنانے سے متعلق واضح ہدایات پر بھی عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔ شہری اتحاد ایبٹ آباد متعدد بار صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ کو تحریری طور پر ڈومیسائل کے حصول کا طریقہ کار آسان کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔ شہری اتحاد ایبٹ آباد نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے مطالبہ کیا ہے کہ پرانے نظام کی بحالی کا مطالبہ تبدیلی کا نعرہ ناکام کرنے کیلئے کیا گیا ہے، پرانے نظام میں دوبارہ طلباء پٹواری نظام کے مرہون منت سمیت نوٹری پبلک کے مالی استحصال کا شکار ہو جائے گا۔