پولیس مجرموں کی سرکوبی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔سی سی پی اولاہور

انویسٹی گیشن ونگ نے رواں سال654گینگز کے658ممبران کوگرفتارکیااور5610مقدمات ٹریس کیے،ملزمان کے قبضے سے 66کڑورسے زائد کامال مسروقہ اوراسلحہ برآمد کیا،سی سی پی او لاہورکی انویسٹی گیشن ٹیموں کو منشیات کے اڈوں کے خاتمے اورموٹرسائیکل چوروں کے نیٹ ورک کو توڑنے کی ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 17 نومبر 2016 17:44

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17نومبر2016ء) :کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا کہ لاہور پولیس معاشرے سے جرائم کی بیخ کنی، مجرموں و سماج دشمن کی سرکوبی اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے بھر پور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان کی سربراہی میں انویسٹی گیشن ونگ نے رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران ڈکیتی ، راہزنی، ہاؤس رابری و دیگر سنگین مقدمات میں ملوث 654گینگز کے1658ممبران کو گرفتار کیا اور 5610مقد مات ٹریس کیے ہیں۔

گرفتار ملزموں سے 66کڑور روپے سے زائد کا مال مسروقہ اور بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ برآمد کیا ۔ انویسٹی گیشن ونگ نے4475اشتہاریوں کو گرفتار کیا جن میں1430اشتہاری سنگین مقدمات میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان انتہائی خطرناک اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور جیل سے باہر آتے ہی دوبارہ منظم ہو کر وارداتیں شروع کردیتے ہیں ۔ انویسٹی گیشن پولیس نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت ایسے پیشہ وا ر ڈاکوؤں او ر جرائم پیشہ افراد کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کاروائیاں کر رہی ہے انویسٹی گیشن ونگ نے280 قتل کے مقدمات کے چالان پیش کیے جبکہ 3مقدمات اغواء برائے تاوان،10مقدمات ڈکیتی ، رابری، معہ قتل ،27مقدمات ڈکیتی،1621مقدمات سرقہ بالجبر،199مقدمات وہیکل چھیننا،1585مقدمات وہیکل چوری اور1233مقدمات نقب زنی چالان ہوئے ۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف شہر بھر میں انویسٹی گیشن کی ٹیمیں دن رات سر گر م عمل ہیں اور شہریوں کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کی ناصرف روک تھام بلکہ شہریوں سے لوٹے ہوئے مال کی برآمدگی پر بھی بھرپور توجہ دی جارہیں۔ اُنہوں نے تمام انویسٹی گیشن انچارجز کوشہر سے منشیات فروشوں کے اڈوں کے خاتمے اور موٹر سائیکل چوروں کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لئے خصوصی ہدایات دی ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی کارکردگی کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :