کوہاٹ جرما پولیس نے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، دو خواتین سمیت تین قبائلی سمگلرز گرفتار

جمعرات 17 نومبر 2016 19:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) کوہاٹ جرما پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر دو خواتین سمیت تین قبائلی سمگلروں کو گرفتار کرلیا ہے۔انڈس ہائی وے پر مسلم آباد چیک پوسٹ میں چیکنگ کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں سے لاکھوں مالیت کی چرس برآمد کرلی گئی ہیں۔پولیس نے منشیات کی سمگلنگ میں استعمال ہونے والی موٹر کار بھی قبضے میں لیکر زیر حراست تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ڈی ایس پی صدر سرکل حسین غلام بنگش نے تھانہ جرما میں کاروائی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت علاقہ غیر سے بھاری مقدار میں چرس کوہاٹ انڈس ہائی وے کے راستے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس اطلاع پر فوری اور مئوثر کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ جرما انسپکٹر عبد الستار کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ اس اثناء میں درہ آدم خیل کی طرف سے آنے والی مشکوک موٹر کار نمبر LE-5079کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔

پولیس نے تلاشی کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں میں نہایت مہارت سے چھپائے گئے مجموعی طور پر دس کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے گاڑی میں سوار منشیات کے تین سمگلروں عبدالرحمان ولد عبدالصمد،شاہ زرینہ بیوہ شیر رحمان اور گل مرجانہ بیوہ منور خان ساکنان جمرود خیبر ایجنسی کو کوٹر کار سمیت حراست میں لے لیا۔ڈی ایس پی کے مطابق بھاری مقدار میں چرس سمیت گرفتار سمگلروں کو فوری طور پر تھانہ جرما منتقل کردیا گیا جہاں انکے خلاف منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ گرفتار خواتین سمگلروں کو بعد ازاں مقامی عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ انکے ساتھی سمگلر سے تفتیشی ٹیم پوچھ گچھ کررہی ہے۔

ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف کی ہدایت پر شہر کے مختلف شاہراہوں پر قائم پولیس چیک پوسٹوں پرتلاشی کے دوران متعدد مرتبہ منشیات اور اسلحہ کی سمگلنگ ناکام بنائی گئی ہے جبکہ سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاری مجرموں اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا جاچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :