بی آئی ایس پی، وائے پی ایف اور آکسفیم انٹرنیشنل کے مابین بی آئی ایس پی مستحقین کیلئے نوجوانوں کو ہنر مندانہ زندگی کی فراہمی سے متعلق مفاہمتی یاداشت پر دستخط

جمعرات 17 نومبر 2016 19:39

بی آئی ایس پی، وائے پی ایف اور آکسفیم انٹرنیشنل کے مابین بی آئی ایس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)، نوجوان ارکین پارلیمنٹ فورم (وائے پی ایف) اور آکسفیم انٹرنیشنل نے آج بی آئی ایس پی سکرٹریٹ میں نوجوانوں کی ترقی سے متعلق مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔ وائے پی ایف کی جانب سے جنرل سیکرٹری محترمہ شزا فاطمہ خواجہ، کنٹری ڈائریکٹر آکسفیم انٹرنیشنل محمد قزلباش اور ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی جناب شاہد گل قریشی نے وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ، ایم این اے ماروی میمن ، محترمہ رومینہ خورشید عالم اور بی آئی ایس پی ، وائے پی ایف اور آکسفیم کے حکام کی موجودگی میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔

اس مفاہمتی یاداشت کے مطابق ابتدائی مرحلے میں لاہور اور کراچی میں بی آئی ایس پی کی80مستحقین یا ان کے گھرانوں کے اراکین کو پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت فراہم کی جائے گی اور پھر ملازمت کے حوالے سے انہیں مارکیٹ تک رسائی بھی مہیا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تربیت یافتہ مستحقین LUMSاور دیگر متعلقہ اداروں میں کاروبار ی کورسز میں شرکت کریں گے۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد ، تربیت یافتہ مستحقین کو اخوت فائونڈیشن سے بلاسود قرضہ حاصل کرنے کیلئے بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔

مزید برآں، معاہدے کے فریقین بی آئی ایس پی بینیفشری کمیٹیوں (بی بی سی) کو بااختیار بنانے اور مختلف اہم موضوعات پر آگاہی کیلئے ٹریننگ ماڈیول ترتیب دیں گی۔ ابتدائی مرحلے کے بعد ، تینوں فریقین کے مابین تعاون کو پاکستان بھر میں دیہی علاقوں تک بڑھایا جائے گا تاکہ بی آئی ایس پی مستحقین کو ہنر مندانہ تربیت فراہم کی جائے۔ اس موقع پر ، وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی، ایم این اے ماروی میمن نے کہا کہ بی آئی ایس پی ایک ایسا سوشل سیفٹی نیٹ ہے جو نہ صرف اپنے مستحقین کو غربت کے اثرات پر قابو پانے میں مدد کرتا ہے بلکہ انہیںترقی کے مثبت مواقع اور پائیدار زندگی گزارنے کیلئے ہنر فراہم کر کے غربت سے باہر نکالنے کی بھی کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی ایک قومی ادارہ ہے اور صوبائی ہم آہنگی کا محافظ ہے۔ اس معاہدے کے فریقین ملک میں تمام صوبوں کے دور دراز علاقوں تک نوجوانوں کی ترقی اور ہنرمندانہ تربیت کی توسیع کو یقینی بنائیںگے۔جنرل سیکرٹری وائے پی ایف، محترمہ شزا خواجہ نے کہا کہ وائے پی ایف نوجوانوں کی ترقی اور صنفی حقوق کے فروغ کیلئے خیالات کے اشتراک کا ایک پلیٹ فارم ہے۔

نوجوان ارکین پارلیمنٹ بی آئی ایس پی کے ذریعے پسماندہ نوجوان تک رسائی حاصل کریں گے اور مسائل کو سمجھتے ہوئے ان کی ترقی کیلئے مختلف پروگرام ڈیزائن کریں گے۔ کنٹری ڈائریکٹر آکسفیم محمد قزلباش نے نوجوان پر سرمایہ کاری سے وابستہ خوشحالی اورتمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے نوجوانوں کی ترقی اور غربت کے خاتمے کی کوشش کے آغاز پر روشنی ڈالی۔ یہ مفاہمتی یاداشت بی آئی ایس پی کے مستحق نوجوانوں کو ہنرمندانہ تربیت فراہم کرنے اور ملازمت کیلئے انہیں مارکیٹ سے منسلک کرنے میں مدد دے گی جس سے غربت کے خاتمے کیلئے بی آئی ایس پی کے مجموعی اثرات میں اضافہ کرے گا۔