اسلام آباد ہائیکورٹ ، ملک بدر کئے گئے ترک اساتذہ کودوبارہ وزارت داخلہ سے رجوع کرنے کا حکم، درخواست نمٹا دی گئی

جمعرات 17 نومبر 2016 19:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملک بدر کئے جانے والے ترک اساتذہ کودوبارہ وزارت داخلہ سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔کیس کی سماعت عدالت عالیہ کے جج جسٹس عامر فاروق نے کی۔ پاک ترک سکول کے اساتذہ کی ملک بدری کے کیس میں وزارت داخلہ کی جانب سے جوائنٹ سیکرٹری سلمان قیوم اور ڈپٹی سیکرٹری نائلہ ظفر عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت نے کہاکہ ترک سکول کے اساتذہ وزارت داخلہ کو دوبارہ درخواست دیں۔وزارت داخلہ نے ملک چھوڑنے کے لیے بہت کم وقت دیا ہے۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ جون اور اگست میں ویزوں کی توسیع کی درخواستیں دی گئیں تھیں۔پاک ترک سکولوں کے اساتذہ کے ویزوں کی معیاد 9ستمبر کو ختم ہو چکی ہے،ڈپٹی سیکرٹری نائلہ ظفر نے عدالت میں بتایاکہ وزارت داخلہ میں ویزوں کی توسیع کی مذکورہ درخواستوں کا کوئی ریکارڈ نہیں،عدالت نے وزارت داخلہ سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل جوائنٹ سیکرٹری کے پیش نہ ہونے پرعدالت نے برہمی کا اظہارکیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ عدالت کا حکم کیوں نہیں مانا گیا۔وزارت داخلہ میں کتنے جوائنٹ سیکرٹریز ہیں کیا پوری منسٹری میں صرف ایک ہی سیکرٹری ہے، اڑھائی بجے کون سی میٹنگ چل رہی ہے،کیا ایک جوائنٹ سیکرٹری کے آنے سے وزارت داخلہ بیٹھ جائے گی،ایک گھنٹے میں جوائنٹ سیکرٹری عدالت میں پیش ہوں۔جس پر سرکاری وکیل عبد الخالق تھند نے عدالت کو بتایا کہ میں نے عدالت کا حکم سیکریٹری تک پہنچا دیا تھا۔تاہم بعد ازاں وزارت داخلہ کی جانب سے جوائنٹ سیکرٹری سلمان قیوم اور ڈپٹی سیکرٹری نائلہ ظفر عدالت میں پیش ہوگئیں۔( مہر علی خان)

متعلقہ عنوان :