ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے کرپشن، جرائم ،پیشہ عناصر ،دہشت گردی کا گٹھ جوڑ توڑنا ضرور ی ہے،پرویزخٹک

ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہم اپنی جیت کو دیرپا ،کل وقتی دیکھنا چاہتے ہیں، گزشتہ کئی دہائیوں سے لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے معاشرے میں سماجی برائیوں ،دہشت گردی کا نیٹ ورک بن گیا، عوام نے دہشت گردی کا نیٹ ورک توڑنے کیلئے پاک فوج کا ساتھ دیا،وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک

جمعرات 17 نومبر 2016 19:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے کرپشن، جرائم ،پیشہ عناصر اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ توڑنا ضرور ی ہے۔ ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم اپنی جیت کو دیرپا اور کل وقتی دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس کیلئے کرپشن کا خاتمہ پہلا قدم ہے۔

وزیراعلیٰ نے ان مقاصد کیلئے تعلیم اور شعور کی بیداری کوناگزیر قرار دیا اور کہا کہ میری خواہش ہے کہ اپنے سارے وسائل صحت اور تعلیم پر خرچ کروں کیونکہ میں تعلیم یافتہ اور صحت مند قوم بنانا چاہتا ہوں۔ جب قوم بن جائے گی تو وہ اپنی ترقی خود پلان کریگی۔ پھر قوم دشمن عناصر اپنے مزموم مقاصد کے حصول میں ناکام رہیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج کوہاٹ میں یوم والدین کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، میجر جنرل خالد جاوید چیئرمین بورڈ آف گورنر ز کیڈٹ کالج کوہاٹ، بریگیڈئیر(ریٹائرڈ) انعام الحق، ستارہٴ امتیاز (ملٹری) پرنسپل کیڈٹ کالج کوہاٹ، اراکین بورڈ آف گورنرز، اساتذہ ، والدین ، اور کیڈٹس نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کیڈٹ کالج کوہاٹ کیلئے ہاسٹل، ایمبولینس اور دو کروڑ روپے گرانٹ ان ایڈ کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم ترقی پسند قوم ہیں۔ ہمیں نئی نسل کی تعلیم وتربیت جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کرنی ہے۔ جدید چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہماری نوجوان نسل جدید سائنسی علوم وفنون میں مہارت حاصل کرے ۔اس ضمن میں کالج نے کیڈٹس کو جو جدید تعلیمی سہولتیں فراہم کی ہیں لائق تحسین ہیں۔ملکی حالات اور مطلوبہ تقاضوں کی بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے معاشرے میں سماجی برائیوں اور دہشت گردی کا نیٹ ورک بن گیا ۔

با اختیار طبقہ اپنے مقاصد کیلئے سیاسی چالیں چلتا رہا۔دشمن کا آلہ کار بنتا رہا۔شرپسندی پنپتی رہی ۔ حکمران اپنی ناک سے آگے دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہو چکے تھے۔ ملک کی سلامتی اور مفادات میں غفلت اور ذاتی مفادات کیلئے سرگرم رہے ۔ عوام نے دہشت گردی کا نیٹ ورک توڑنے کیلئے پاک فوج کا ساتھ دیا۔اس پوری جنگ کو اپنی جنگ سمجھا اور دہشت گردوں کانام مٹانے میں فوج کے ساتھ ہر اول دستے کے طور پر پیش پیش رہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن ، دہشت گردی کی فیکٹری ہے۔ کرپشن جرائم پیشہ افراد کو جنم دیتی ہے ۔جرائم پیشہ عناصر براہ راست دہشت گردوں کے آلہ کار بن جاتے ہیں۔ ہمیں بد عنوانی ، جرائم اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے سماجی ،سیاسی اور عسکری سطح پر اپنی کوششوں کو تیز تر کرنا ہے۔اس کامیابی کو دیر پا بنانے کے لئے نظام تعلیم کو وقت کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔

تاریخ بتاتی ہے کہ جو معاشرے اپنے تعلیمی نظام پر توجہ نہیں دیتے وہ تباہی کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ہمارے کمزور تعلیمی نظام کی وجہ سے بدعنوان ٹولوں نے فائدہ اُٹھایا ۔ ذاتی پسند و ناپسند پر اداروں کو تشکیل دیا گیا جس کے نتیجے میں معاشرہ سماجی برائیوں کا شکار ہو گیا۔ معاشرے کے امیر طبقے سرمایہ داری میں آگے بڑھتے گئے اور معاشرے کا غریب طبقہ دن بدن غربت میں دھنستا چلا گیا۔

جن لوگوں میں خلوص تھا انہیں جان بوجھ کر کمزور رکھا گیا۔ ان پر قومی وسائل کے دروازے بند کر دیئے گئے ۔ سارا نظام اور تمام ادارے ایک خاص ٹولے کے مفادات کو تحفظ دینے پر لگا دیئے گئے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ امیر و غریب کو تعلیم اور ترقی کے ایک جیسے مواقع فراہم کریں ۔ہم امیر وغریب کے درمیان اس فرق کو ختم کرنا چاہتے ہیں ۔ سرکاری سکولوں کو پرائیوٹ اداروں کے برابر لاکھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پرائمری کی سطح پر بنیادی انگلش کا آغاز کر چکے ہیںتاکہ غریب کا بچہ بھی آگے جاکر امیر کا مقابلہ کرسکے۔ ہمارے اقدامات کی وجہ سے صوبے میں سرکاری سکولوں پر عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ اب پرائیوٹ اداروں سے لوگ سرکاری سکولوں میں آرہے ہیں۔ ہم ایک ایسا نظام تعلیم دینا چاہتے ہیں جو ایسی افرادی قوت تیار کرے جو ملک وقوم کی ترقی کی ضامن بنے۔

جو اندرونی و بیرونی دشمنوں کی سازش کا مردانہ وار مقابلہ کر سکے۔ یہی ہمارا منشور اور ہمارا وژن ہے ۔ہم اس غیور عوام اور باشعور جوانوں کے تعاون سے اپنی منزل پر پہنچ کر دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ کیڈٹ کالج کوہاٹ مسلح افواج کو پرعزم اور باصلاحیت قیادت فراہم کررہا ہے ۔ اس مثالی درس گاہ کے فارغ التحصیل سینئر کیڈٹس قومی اور بین الاقوامی سطح پر زندگی کے مختلف شعبوں میں قابل ِ فخر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ کے سالانہ امتحانات میں کالج کے شاندار نتائج اور بہترین کارکردگی کالج انتظامیہ کی دلچسپی ، اساتذہ کرام کی پُر خلوص رہنمائی اور کیڈٹس کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے کیڈٹ کالج کوہاٹ کے ایوب ہاسٹل کا افتتاح کیا اور کیڈٹس کی جانب سے پیش کئے گئے مختلف مظاہروں کا مشاہد ہ کیا۔ کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعلیٰ کو سلامی دی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :