شاہی خاندان سرکاری خزانے سے ذاتی مراسم اور کاروباری مقاصد کو فروغ دے رہا ہے‘عبدالعلیم خان

سارا شہر یرغمال بن گیا،حکو مت اب سیاسی جماعتوں کے مال روڈ بند کرنے کے اعتراض کا جواب دے ‘وفد سے گفتگو

جمعرات 17 نومبر 2016 20:00

شاہی خاندان سرکاری خزانے سے ذاتی مراسم اور کاروباری مقاصد کو فروغ دے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صد ر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شاہی خاندان سرکاری خزانے اور قومی دولت کے بے دریغ استعمال سے صرف اور صرف ذاتی مراسم کو مضبوط بنانے اور کاروباری مقاصد کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے طیب اردگان کے دورے کو بھی عوام کی آنکھوں میں دھول جھوکنے کیلئے استعمال کیا گیا شہری یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ 70سال بھی کیا ہماری حکومت شہروں کا کوڑا کرکٹ اکھٹا کرنے کے بھی قابل نہیں اور ضلعی حکومت میں سالڈ ویسٹ کا شعبہ ہونے کے باوجود گندگی اٹھانے کے لئے بھی ترکی کو ٹھیکے دیے جا رہے ہیں ،پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتوں پر مال روڈ بند کروانے کا اعتراض کرنے والی حکومت اب تاجروں کو کیا جواب دے گی سارے لاہور شہر کو یرغمال بنا دیا گیا ہے اور اپنے فوٹو سیشن کیلئے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے ننکانہ صاحب کے پارٹی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا مشترکہ سیشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ انتہائی مناسب ہے ہمارے احتجاج کا مقصد ہی عالمی برادری کی توجہ پاناما لیکس کی طرف مبذول کرانا ہے اور اس سے بہتر کوئی اور موقع نہیں ہو سکتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ جلد قوم خوشخبری سنے گی اور میاں صاحب نے قطری شہزادے کو اس معاملے میں ملوث کر کے ایک مرتبہ پھر بم کو لات مار دی ہے جس کے نتیجے میں اُن کو حکومت سے ہاتھ دھونا پڑیں گے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ میاں برادران در حقیقت "ترلہ منت پروگرام"پر اتر آئے ہیں اور اپنی کرسی بچانے کیلئے اب وہ کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو صاف اور شفاف نظام دینے کا جو وعدی کیا ہے اس کیلئے صحیح سمت میں کوششیں جاری ہیں جو انشاء اللہ جلد ثمر آور ثابت ہوں گی ۔