چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر سیکیورٹی و دیگر انتظامات مکمل

جمعرات 17 نومبر 2016 20:06

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ سب سے بڑے 2 جلوس چکوال اور چوآسیدنشاہ میں ہونگے۔ چکوال کا جلوس جمعہ18نومبرکو مقررہ رستوں سے گزارا جائے گا۔ یہ بات ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی اور ڈی پی او منیر مسعود مارتھ نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے بتائی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمر جنسی بورڈ کے تمام ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ریسکیو1122کے ڈسٹرکٹ آفیسر ڈاکٹر عتیق احمد نے بتایا کہ مذکورہ دونوں حساس جلوسوں کے تمام رستوں کو کلیئرنس کے بعد سیل کر دیا جائے گا اور جلوس کے رستوں میں موجود گھروں ، پلازوں، مساجد، دکانوں کی چھتوں پر کھڑا ہونے کی مکمل پابندی ہوگی۔

(جاری ہے)

ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی نے بتایا کہ پاک افواج کی 2 کمپنیاں بھی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت کیلئے موجود ہونگی۔

ڈی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ امام حسین کے چہلم کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے جس میں لائوڈ سپیکر کے استعمال، وال چاکنگ اور منافرت پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز پر مکمل پابندی ہوگی۔ ڈی پی او نے مزید بتایا کہ جلو س کے رستوں پر واک تھرو گیٹ ، میٹل ڈیٹیکٹر اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔