آرٹیکل 62، 63 کے اعتبار سے وزیراعظم کو جھوٹا سمجھتے ہیں ،ْعارف علوی

بے نظیر بھٹو، ولی خان اور ظفر علی شاہ کے کیس میں سپریم کورٹ نے اخباری خبروں کو بنیاد بنایا ،ْانٹرویو

جمعرات 17 نومبر 2016 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عارف علوی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت وزیراعظم نواز شریف کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے اعتبار سے جھوٹا سمجھتی ہے اور اس حوالے سے عدالت میں ثبوت فراہم کیے جاچکے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ اس وقت ہم وزیراعظم کے لندن فلیٹس کی دولت ملک سے باہر منتقل کرنے اور ان کی نا اہلی کا معاملہ عدالت میں اٹھا رہے ہیں ان سب چیزوں کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔

انھوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو، ولی خان اور ظفر علی شاہ کے کیس میں سپریم کورٹ نے اخباری خبروں کو بنیاد بنایا لہذا اگر کہا جائے تو ہم عدالت میں تمام ثبوت بھی فراہم کردیں گے۔ترک صدر طیب اردگان کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر اجلاس کے بائیکاٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم نواز شریف کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے اعتبار سے جھوٹا سمجھتے ہیں اور اس حوالے سے عدالت میں ثبوت فراہم کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ میں نواز شریف کو مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ وہ بینکوں کو عدالت کو متعلقہ معلومات فراہم کرنے کا اختیار دیں۔عارف علوی نے کہاکہ نواز شریف اور پنجاب حکومت نے خیبر پختونخواہ کے حوالے سے فیڈریشن کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی کارکنان کو دھرنے میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی اور انھیں زدوکوب کیا گیا، ان ہی 2 اہم معاملات کی وجہ سے ہم نے ترک سفیروں سے ملاقات کی اور ان کے سامنے اپنا موقف پیش کیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو ایک ریفرنس دیا گیا جسے انھوں نے جانبدار انداز میں آگے بڑھایا ،ْاس طرح انھوں نے پارلیمنٹ اور جمہوریت کی نفی کی۔انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ کو اس معاملے کو حل کرنا چاہیے تھا لیکن وہ نہیں کرسکی اور سب کو ٹرمز آف ریفرنسز (ٹی او آر) کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا۔عارف علوی نے کہا کہ ہمارا موقف مضبوط ہے کہ پاناما لیکس کے بعد پوری دنیا میں بدنامی ہو رہی ہے، لہذا وزیراعظم کو عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :