بلاشبہ ترک صدر عالم اسلام کے عظیم رہنما ہیں، رائو محمد اجمل خان

جمعرات 17 نومبر 2016 20:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت و پیداوار رائو محمد اجمل خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو ایک تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ ترک صدر عالم اسلام کے عظیم رہنما ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترک صدر کے خطاب کے بعد پارلیمنٹ ہائوس میں ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے عوام شروع دن سے ہی محبت، اخوت، مذہب اور ثقافت کے عظیم رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، ترکی نے ہر مشکل وقت میں ہمارا اور ہم نے ہر مشکل میں ترکی کا بھرپور ساتھ دیا ہے، محبت اور بھائی چارے کا یہ رشتہ تاقیامت قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے جس تیز رفتاری سے معاشی ترقی کی ہے وہ دوسرے مسلم ممالک کیلئے مشعل راہ ہے۔ رائو محمد اجمل نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ترک صدر کا دورہ پاکستان بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ترک صدر نے مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں اور پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کی ہے وہ ان کی امت مسلمہ سے والہانہ عقیدت کی لازوال مثال ہے۔