ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے دورہ کے موقع پر پارلیمنٹ میں بیٹھ کر واشگاف انداز سے کشمیر پر موقف پیش کیا ہے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 17 نومبر 2016 20:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ ‘قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ پرعمران خان کو پاکستان کا فتح اللہ گولن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے دورہ کے موقع پر پارلیمنٹ میں بیٹھ کر واشگاف انداز سے کشمیر پر موقف پیش کیا ہے‘اس دوٹوک موقف سے اسلامی دنیا ‘امت مسلمہ ‘مغربی منفی سوچ اور ناپاک عزائم بے نقاب ہو گئے ہیں۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ترکی نے بہت ترقی کی ہے ‘آج ترکی کے صدر نے جس واشگاف انداز سے کشمیر کے حوالے سے اپنا موقف سامنے رکھا ہے اس سے نہ صرف کشمیریوں بلکہ 20کروڑ پاکستانیوں اور امت مسلمہ میں خوشی کی لہر ڈورگئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے عوام اور حکومت کے تاریخی تعلقات ہیں آنے والے وقتوں میں یہ تعلقات مزید بہتر ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ ترکی سکیولر ملک تھا جس نے طویل جدوجہد کے بعد اپنی شناخت اور اسلامی تعلیمات کو اجاگر کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے روشن مستقبل اور ترقی کے لئے حالات کا تقاضا ہے کہ ترکی ‘سعودی عرب اور دیگر برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر طیب اردوان نے مغرب کے حوالے سے جس تشویش کا اظہار کیا ہے اس طرز کی تشویش ہمارے حکمرانوں کو بھی ظاہر کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر نے دور حاضر کے تمام چلینجز کے حوالے سے اپنے جذبات ‘احساسات پاکستان کی پارلمینٹ میں اجاگر کیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے اہم معاملات پر ایک ہی سوچ ہے ‘ہم ترکی کے برادرانہ تعلقات اور ترکی صدر کے دورے کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ترکی نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تعلیم اور دیگر شعبوں میں ملکر کام کرنے کی بات ہے ‘پاکستانی طالبعلموں کے لئے سکالرزشپ ‘پی ایچ ڈی پروگرام میں سکالرشپ دی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ 10سالوں کے دوران ترکی نے جس انداز سے معاشی ترقی کی ہے وہ سب کے لئے مشعل راہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترکی ‘چین ‘سعودی عرب سمیت دیگر شراکتداروں کو بھی ساتھ ملانا چاہیے ۔پی ٹی آئی کی جانب سے بائیکاٹ کے اعلان کے سوال پر مولانا فضل الرحمان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کے فتح اللہ گولن ہیں ۔

متعلقہ عنوان :