غریب عوام کے ایک ایک پیسے کا حساب دینا ہمارا فرض ہے، اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالمجید خان اچکزئی

جمعرات 17 نومبر 2016 20:42

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالمجید خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبے کے غریب عوام کے ایک ایک پیسے کا حساب دینا ہمارا فرض ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ممبران پبلک اکاؤنٹس کمیٹی آغا لیاقت، محترمہ یاسمین لہڑی کے علاوہ سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ حافظ عبدالماجد، ڈی جی آڈٹ نصراللہ جان اور مختلف محکموں نے متعلقہ حکام موجود تھے۔

سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی نے محکمہ خزانہ کی طرف سے صوبے میں لوکل کونسلز کو دیئے گئے فنڈز کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالمجید خان اچکزئی نے کہا کہ صوبے میں 635یونین کونسلز ہیں تو ان تمام یونین کونسلز کو فنڈز بھی برابری کی بنیاد پر ملنے چاہیئے۔

(جاری ہے)

کرپشن کو عوام کے سامنے لانے کے لئے ہم ڈی جی نیب کو خط لکھیں گے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔ علاوہ ازیں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ تمام پی سی ون کا ریکارکمیٹی کو فراہم کرے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ گذشتہ مالی سال 2014-15ء کا خصوصی آڈٹ کرانے کی سفارش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :