یو ایس ایڈ کی پاکستان میں ڈپٹی مشن ڈائریکٹربرائے سندھ و بلوچستان ن کے وفد کی ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشدوہرہ سے ملاقات

کراچی میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال

جمعرات 17 نومبر 2016 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) یو ایس ایڈ کی پاکستان میں ڈپٹی مشن ڈائریکٹربرائے سندھ و بلوچستان Ms.Denise A.Herbolکی قیادت میں ایک وفد نے ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشدوہرہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور کراچی میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ منتخب بلدیاتی حکومت نے شہر کا انتظام سنبھال لیا ہے اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے یو ایس ایڈ مشن کے وفد کو کراچی کی جغرافیائی اہمیت اور بنیادی شہری انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کے لئے بنائے گئے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ کراچی کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے جس کی آبادی دو کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور شہر کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لہٰذا مقامی سطح پر نئے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لئے موثر حکمت عملی بنائی گئی ہے اور شہریوں کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لئے متعلقہ ادارے سرگرم ہیں اور شہری مفاد میں شروع کئے گئے منصوبوں کے لئے مختلف اداروں سے تعاون حاصل کیا جارہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں انہوں نے یو ایس ایڈ مشن کے وفد کو ہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر اور شہریوں کی بہتری کے لئے ہر اچھی اور مثبت تجویز اور تعاون کا خیر مقدم کیا جائے گا۔