بلدیہ عظمیٰ کراچی تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے ،ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد وہرہ

تاجر نمائندوں کے اشتراک اور تعاون سے ان کے جملہ مسائل حل کئے جائیں گے، وفد سے بات چیت

جمعرات 17 نومبر 2016 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے اور تاجر نمائندوں کے اشتراک اور تعاون سے ان کے جملہ مسائل حل کئے جائیں گے یہ بات انہوں نے پاکستان تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر کی قیادت میں ملاقات کے لئے آنے والے تاجروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، وفد میںکراچی کی مختلف مارکیٹوں کے نمائندے سید محمد سعید، انصار بیگ قادری، امان اللہ شاہ، محمد آصف ، محمد زبیر، الطاف لالہ اور محمد احمد شمسی شامل تھے۔

اس موقع پر تاجر نمائندوں نے ڈپٹی میئر کراچی کو اپنی مارکیٹوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا خاص طور پر سڑکوں کی صورتحال اور فٹ پاتھ اور سڑک پر پتھارے اور دیگر تجاوزات قائم ہونے کی وجہ سے دکانداروں اور خریداروں کو ہونے والی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کی مارکیٹوں کو ان مسائل سے نجات دلائی جائے ، تاجر نمائندوں نے کاروباری علاقوں میں بلدیاتی مسائل کے حل کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیںاور کہا کہ تاجر برادری اس سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی تاکہ شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں تجاوزات سمیت دیگر مسائل کا خاتمہ مشترکہ طور پر کیا جاسکے، اس موقع پر یہ طے کیا گیا کہ کراچی کی مارکیٹوں کی حالت کو بہتر کیا جائے گا اور وہاں موجود تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گااور اس کا آغاز شہر کی ایک مارکیٹ کو ماڈل مارکیٹ بنا کر کیا جائے گا جبکہ ابتدائی طور پر کراچی کی پانچ مارکیٹوں کی حالت کو درست کیا جائے گا، ڈپٹی میئر کراچی نے پاکستان تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر اور دیگر تاجر نمائندوں کو یقین دلایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کی سہولت اور کاروباری افراد کے لئے بہتر ماحول کی فراہمی کے لئے مارکیٹوں اور بازاروں میں ہرممکن سہولیات مہیا کرے گی اور اس کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کراچی کا اہم مسئلہ ہیں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی اس حقیقت سے پوری طرح آگاہ ہے اور اسی لئے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے ، کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جاچکا ہے ان علاقوں پر خاص نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں سے ایک بار تجاوزات ہٹائی جاچکی ہیں تاکہ وہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں، انہوں نے کہا کہ یہ ایک مسلسل عمل ہے اور بتدریج اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں جس سے شہریوں کو سہولت ملے گی۔ #

متعلقہ عنوان :