Live Updates

تحریک انصاف کا منشور اور پروگرام عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہے، صوبائی وزیر شاہ فرمان

جمعرات 17 نومبر 2016 22:18

ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور اور پروگرام عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ہندکو دامان پشاور میں سید حمید شاہ باچا کے حجرہ میں ایک شمولیتی جلسہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جلسہ سے ممبر قومی اسمبلی ساجد نواز خان ،ممبر صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد خان،اور سید حمید شاہ باچا نے بھی خطاب کیا۔ شاہ فرمان نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ،اداروں کی فعالیت اور طرز حکمرانی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے پورا کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نے اپنی 20سالہ جدوجہد کے نتیجے میں ملک کی سب سے طاقتور ہستی کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کر دیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر شاہ فرمان نے کہا کہ قوم کا پیسہ اور ٹیکس چوری کر کے دیگر ممالک میں جائیدادیں بنانے والوں سے حساب کتاب کا وقت شروع ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے صوبائی حکومت کی کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تاہم بعض سیاستدان محض اپنی سیاست چمکانے کے لئے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں لیکن عوام ان کی کرپشن کو بھولنے والے نہیں۔علاقے کے مسائل کے حل کے حوالے سے انہوں نے یقین دلایا کہ بہت جلد یہاں سولر ٹیوب ویل نصب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کاحق ہیں جنہیں پاکستان تحریک انصاف عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ صوبے کے ہر حصے میں پورا کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :