ایم کیو ایم پاکستان میئر کراچی اور بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کو مضبوط اور بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم مہم شروع کر رہی ہے تمام سیاسی جماعتیں ہمارا ساتھ دیں

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 17 نومبر 2016 22:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2016ء) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان میئر کراچی اور بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کو مضبوط اور بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم مہم شروع کر رہی ہے تمام سیاسی جماعتیں ہمارا ساتھ دیں، جبکہ انہوں نے گذشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی کے شرکاء کو یاد گار شہداء پر جانے سے روکنے کے عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں انتظامیہ موقع فراہم کرے تاکہ ہم فاتحہ کر سکیں،وہ جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ہم بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانا چاہتے ہیں اور انہیں مضبوط بنانے کے لیے مہم شروع کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہم امید کرتے ہیں کہ جو جماعتیں اسمبلی میں موجود ہیں یا نہیں وہ سب ہمارے ساتھ تعاون کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچیکا میئر جیل سے رہا ہو کر باہر آ گیا ہے اور گذشتہ روز ان کا شاندار استقبال ہوا ۔ ہم یادگار شہداء جانا چاہتے تھے ،لیکن نہیں جانے دیا گیا ۔ جو افسوس ناک بات ہے ۔ شہداء ایم کیو ایم کا بنیادی اثاث ہیں ۔ ان کے ہزاروں خاندان ہمارے ساتھ جڑے ہوئے ہیں ۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں یادگار شہداء پر جانے اور قبرستانوں پر فاتحہ کی اجازت دی جائے ۔ ہم حکومت سے اجازت لیں گے،اس ضمن میں تحریری درخواست دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کل جو کچھ عناصر نے کیا وہ ہمارے اس فاتحہ کے عمل وک سبوتاژ کرنے کی کوشش تھی ۔ ان عناصر نے خود فاتحہ کی اور نہ ہمیں موقع دیا ، ان کا ارادہ بھی نہیں تھا۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے کمیشن میں کل جس طرح کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں ، اس سے ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنوں کے ورثہ اوران ہمدردوں کو شدید صدمہ پہنچا ہے، ورثہ ایک امید لگائے بیٹھے ہیں ۔ ان کی اس امید کو نہیں توڑنا چاہئے، کمیشن اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے ۔ بصورت دیگر ایم کیو ایم سپریم کورٹ میں جائے گی۔