موجودہ حکومت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے نہایت سنجیدگی سے کام کر رہی ہے،عزیر علی خان

جمعرات 17 نومبر 2016 22:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء)رکن قومی اسمبلی عزیر علی خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے نہایت سنجیدگی سے کام کر رہی ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں ادارہ استحکام شرکتی ترقی (ایس پی او) کے آواز اور جوابدہی پروگرام کے تحت پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول، پاکستان کیلئے روڈ میپ پر قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ممبر نیشنل اسمبلی عزیر علی خان جو ایس ڈی جیز کیمٹی کے کوآرڈینیٹر بھی ہیں اس کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے ۔ انہوں نے منتظمین کو کانفرنس کے انعقاد پر مبارکبادی دی۔ کانفرنس میں صوبائی سکریٹریز، اقوام متحدہ کے اداروں کے عہدیداران، دو طرفہ ڈونرز، قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ممبران، سول سوسائٹی کے نمائندوں، لوکل گورنمنٹ کے ضلعی ناظمین اور45 اضلاع سے آئے ہوئے آواز فورمز کے کمیونٹی ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایس پی او کے چیف ایگزیکٹو نصیر میمن نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں کانفرنس کے اغراض و مقاصد اور پائیدار ترقیاتی اہداف کا سرسری جائزہ پیش کیااور اس سلسلے میں وسیع دائرہ کار پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آواز اور جوابدہی پروگرام کے رہنما حارث خلیق نے اس کانفرنس اور مقاصد برائے پائیدار ترقی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ایک اہم ہدف، صنفی مساوات پر روشنی ڈالی اور لڑکیوں اور خواتین کو با اختیار بنانے پر زور دیا۔

محقق فیصل بوذر نے مقاصد برائے پائیدار ترقی پر تفصیلاً گفتگو کی اور اپنے تحقیقی مقالے کے اہم عناصر بیان کئے۔ انہوں نے ملینیم ترقیاتی اہداف سے حاصل ہونے والے نتائج کوزیر غور رکھتے ہوئے ایس ڈی جیزکو درپیش آنے والے مسائل بشمول ڈیٹا کے فقدان، مانیٹرنگ اور رپورٹنگ اور ریسورس موبلائزیشن بارے اظہار خیال کیا ۔ فیصل ابو ذر نے جامع اور واضح حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔

کانفرنس میں تعلیم اور صحت کے حوالے سے الگ الگ سیشنز بھی تھے جن میں صوبائی وزراء، سیکرٹریز اور محقیقن نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالہ سے اپنے صوبوں میں اپنائی گئی حکمت عملی اور پراجیکٹس بیان کئے۔ ماہر معاشیات قیصر بنگالی نے پبلک پالیسی کے ڈھانچے اور مقاصد برائے پائیدار ترقی کے روابط کو بیان کرتے ہوئے مدلل گفتگو کی اور خواتین کو ایس ڈی جیز کی سفیر کی حثیت سے کام کرنے کی تلقین کی۔

تقریب کے اختتامی سیشن میں نیشنل کمیشن فار اسٹیٹس آف ویمن خاور ممتاز نے ایس ڈی جیز کے دو اہم اہداف’’صنفی مساوات‘‘ اور ’’امن انصاف اور مضبوط ادارے‘‘ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی بھرپور شرکت ، قومی ترقی میں کردار اور کوششیں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے لازم و ملزوم ہیں۔