پنجاب بھر کی 143تحصیلوں میں عوام کو پٹواری کلچر سے نجات

جمعرات 17 نومبر 2016 22:32

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) بورڈ آف ریوینو کے ترجمان کے مطابق پنجاب بھر کی 143تحصیلوں میں قائم اراضی ریکارڈ سنٹر عوام کو پٹواری کلچر سے نجات دلانے ، فرد کے اجراء اور تصدیق انتقال کی کمپیوٹرائز خدمات کی شفاف انداز میں فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ تاہم بعض سائلین اپنے مبہم مقاصد یا اراضی ریکارڈ میں ناحق مفاد کے حصول کے لیے عملہ کے بعض افراد کو رشوت دینے کے مرتکب اور دیگر عملہ کے لیے رشوت ستانی کی ترغیب کا باعث بن رہے ہیں۔

اس ضمن میں رشوت کی ادائیگی کے بعد شکایات کا اندراج ایک جانب تو بدعنوانی کا ناسور بڑھنے کا محرک اور دوسری جانب شکایات کے ازالہ اور تدارک کے عمل میں تاخیر کا بھی باعث ہے۔ بورڈ آف ریوینوکے ترجمان کے مطابق معاشرے میں کرپشن کے بڑھتے ہوئے ناسور کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ سائلین اپنے کسی بھی مقصد کے حصول کے لیے یا عملہ کی جانب سے کسی غیر قانونی تقاضے یا جائز کام میں تاخیر ی حربوں کی وجہ سے رشوت دینے کی بجائے ایسے کسی بھی واقعہ کی شکایت بروقت درج کروائیں۔

(جاری ہے)

حکومت اور بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ایسے تمام واقعات کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے کسی بھی واقعہ کی حقیقت پر مبنی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ شکایت پر متعلقہ ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام معاشرے میں موجود اور عملہ کے درمیان ایسی کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

متعلقہ عنوان :