امام حسینؓ نے قرآن پاک کے مطابق کربلا کے میدان میں صبر کیا جس کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی ، سید اعجاز علی شاہ

گھوٹکی امن و امان اور رواداری بارے مثالی ضلع ہے ،کسی قسم کے فرقہ وارانہ فسادات کا وجود نہیں ،ڈپٹی کمشنر اجلاس سے خطاب

جمعہ 18 نومبر 2016 20:43

میرپور ماتھیلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2016ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے امام حسینؓ نے قرآن پاک کے مطابق کربلا کے میدان میں صبر کیا جس کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی اس لیے ہمیں بھی چاہیے کہ صبر کا دامن مضبوطی سے پکڑیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں چہلمِ امام حسینؑ کے حوالے سے منقعدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خالد سلیم، اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو فیاض حسین راہوجو، اسسٹنٹ کمشنر ڈہرکی سلیم اللہ اوڈہو اور اسسٹنٹ کمشنر خانگڑہ و اوباوڑو سمیت 60 ونگ شہباز رینجرز میرپور ماتھیلو کے کرنل صبغت اللہ،70 ونگ شہباز رینجرز سردار گڑہ کے عملداروں ، پولیس افسران اور مختلف مکتبہ فکر کے عالموں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گھوٹکی امن و امان اور رواداری کے حوالے سے ایک مثالی ضلع ہے جہاں پر کسی قسم کے فرقیوارانہ فسادات کا وجود نہیں اس کے باجود ملک کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام عالموں کو چاہیے کہ وہ آپس میں ملکر روداری کو مزید مضبوط کریں تاکہ ملک دشمن قوتوں کو کسی بھی قسم کا فساد پھیلانے کا موقع میسر نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ چہلم کے حوالے سے منقعد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے دوران مشکوک لوگوں پر نظر رکھی جائے کیوں کہ شرپسند عناصر ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کے مطابق جس نے صبر کیا وہ حق پر ہے باقی سب انسان نقصان میں ہیں یہی وجہ ہے کہ امام حسینؑ نے قرآن پاک کے مطابق کربلا کے میدان میں صبر کرکے حق کی راہ اختیار کی اسکا مطلب اسلام ہمیں صبر کا درس دے رہا ہے اس لیے ہم سب کوصبر کرکے اسلام کی بتائے گئے راستے پر چلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عالم کا مطلب عمل والا ہے اور علم والے حقیقی درس دینے کے پابند ہیں اس لیے تمام علماء و عالموں سے گذارش ہے کہ وہ اپنے اپنے مکتبہ فکر کے لوگوں کو صبر کی تلقین کریں ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں مجالس و جلوسوں کے روٹس پر صفائی کروائیں ۔ اس موقع پر رینجرز کے کرنل صبغت اللہ نے کہا کہ مجالس و جلوسوں کی اجازت ضلعی انتظامیہ دیتی ہے اس لیے سیکیورٹی کے مسائل کی وجہ سے کسی بھی تنظیم کو بغیر اجازت کے پروگرام نہیں کرنے دیا جائے گا اس کے علاوہ لائوڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر سختی سے پابندی ہوگی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی ۔

انہوں نے عالموں سے اپیل کی وہ تمام مجالس و جلوس وقت کی پابندی کے ساتھ منقعد کریں تاکہ سیکیورٹی کے بہتر سے بہتر انتطامات کیے جاسکیں۔ اس موقع پر مختلف مکتبہ فکر کے عالموں نے ضلعی انتظامیہ کو یقین دہانی کروائی کے وہ چہلم کے دوران ہر حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔