حامد خان کو بدنام کرنیوالے باز آجائیں ورنہ ان کے بار میں داخلے پر پابندی لگادی جائے گی‘ رانا عبدالرحمن ضیاء

سازش کے پیچھے وہ لوگ ہیں جن کا وکالت میں کردار ہمیشہ مشکوک اور داغدار رہا ہے اور وہ چور دروازے سے مختلف پارٹیوں میں گھستے رہے ہیں‘صدر لاہور ہائیکورٹ بار

جمعہ 18 نومبر 2016 23:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 نومبر2016ء) لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا عبدالرحمن ضیانے کہا ہے کہ حامد خان کو بدنام کرنے والے لوگ اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائیں ورنہ ان کے بار میں داخلے پر پابندی لگادی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں ہائی کورٹ بار کے صدر نے کہا کہ کچھ موقع پرست اور سیاسی یتیم وکلانے نام نہاد صحافیوں کو اپنے ساتھ ملا کر ایک مذموم سازش کے تحت اس ملک کے نامور وکیل حامد خان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے ،اس حرکت کا مقصد پی ٹی آئی کا نام استعمال کرکے میاں محمد نوازشریف کوفائدہ پہنچانا ہے ،ان لوگوں نے حامد خان کے سپریم کورٹ میں دلائل کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ،دنیا جانتی ہے کہ حامد خان ایک ایماندار بااصول اور منجھے ہوئے وکیل ہیں جنہیں ملک سے باہر بھی عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ،اس سازش کے پیچھے وہ لوگ ہیں جن کا وکالت میں کردار ہمیشہ مشکوک اور داغدار رہا ہے اور وہ چور دروازے سے مختلف پارٹیوں میں گھستے رہے ہیں لیکن بعد میں تمام سیاسی پارٹیوں نے ان کی بدکرداری او ربدعنوانی کی وجہ سے انہیں باہر نکال پھینکا ،یہ لوگ نان پروفیشنل صحافیوں کا سہارا لے کر ڈبل گیم کررہے ہیں ،ایک طرف یہ لوگ میاں نواز شریف کو پاناما لیکس کیس میں فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں اور دوسری طرف حامد خان کی برائی کرکے عمران خان کے قریب ہونا چاہتے ہیں تاکہ دونوں پارٹیوں میں سے کوئی ایک انہیں پناہ دے دے ۔