پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام’’بیداری مسلم مہم ‘‘آج شروع ہوگی

جمعہ 18 نومبر 2016 23:22

لاہور۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2016ء) فلسطین میں اذان پر پابندی ملت اسلامیہ کو قبول نہیں ۔مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ میں حملوں کے بعد اب الاقصیٰ میں اذان پر پابندی لگانے کی کوششیں عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔پاکستان علماء کونسل کی آج 19نومبر سے ’’بیداری مسلم مہم ‘‘ انتہاپسندی ،دہشت گردی کیخلاف اور عالم اسلام کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے شروع کی جارہی ہے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد صدیق اکبر ؓ جوہر ٹائون میں علماء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کے حل کی ضرورت ہے اور عالم اسلام کے مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک طرف مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ کی کوشش اور دوسری طرف فلسطین میں اذان پر پابندی کے قانون بنانے والے مسلمانوں کے مقدسات کے دشمن ہیں۔ اسلامی سربراہی کانفرنس کے وزراء خارجہ کے مکہ مکرمہ میں ہونے والے اجلاس سے جو مسلم امہ کو توقعات ہیں وہ پوری نہیں ہوئیں۔ انہوںنے کہا کہ الاقصیٰ اور ارض حرمین الشریفین کے تقدس ،سلامتی اور دفاع کے معاملہ پر کسی قسم کی مصلحت قبول نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ’’بیداری مسلم مہم‘‘ وطن عزیز میں وحدت اور اتحاد کا سبب بنے گی اور انتہاپسندی ،دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :