حکومت ہٹ دھرمی دکھا رہی ہے،احتساب نہ ہوا تو کامیاب تحریک چلا کر دکھائیں گے ، پورے ملک میں گو نواز گو ہو گا ‘ نوید قمر

حکومتی رویے سے لگتا ہے وہ چاہتی ہے تمام اپوزیشن جماعتیں انکے خلاف اکٹھی ہو جائیں ‘ جہانگیر بدر کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو اٹارنی جنرل آف پاکستان اشر اوصاف ،سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کی جہانگیر بدر کی رہائشگاہ آمد ، اہل خانہ سے اظہار تعزیت ،فاتحہ خوانی

ہفتہ 19 نومبر 2016 15:28

حکومت ہٹ دھرمی دکھا رہی ہے،احتساب نہ ہوا تو کامیاب تحریک چلا کر دکھائیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما نویدقمر نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر حکومت ہٹ دھرمی دکھا رہی ہے لیکن اگر احتساب نہ ہوا تو حکومت کے خلاف کامیاب تحریک چلا کر دکھائیں گے اور پورے ملک میں گو نواز گو ہو گا ، حکومتی رویے سے لگتا ہے کہ وہ چاہتی ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں ان کے خلاف اکٹھی ہو جائیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر کے انتقال پر انکے رہائش گاہ علی ٹائون میں اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ نوید قمر نے کہا کہ پانامہ لیکس کیس کے معاملے میں حکومت احتساب سے کیوں ڈرتی ہے کیس عدالت میں ہے، حکومت پھر بھی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے ،اس حوالے سے حکومت اپو زیشن جماعتوں کے ساتھ جو رویہ اپنایا جا رہا ہے ایسا لگتا ہے کہ حکومت خود ہی چاہتی ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں انکے خلاف اکٹھی ہو جائیں لیکن حکومت بھول رہی ہے کہ تحریکیں کیسے چلتی ہیں ، ہم پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت کے خلاف کامیاب تحریک چلا کر دکھائیں گے اور اگر 27دسمبر تک وزیر اعظم کا احتساب نہ ہوا تو ہم سندھ، پنجاب ، کے پی کے ، بلوچستان سمیت پو رے ملک میں گونواز گو کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے کے لئے کلیدی کر دار ادا کررہے ہیں ۔ پاکستان پیپلزپارٹی نئی تنظیم کا اعلان کر دیا گیا ہے،پارٹی کو ضلع کی سطح سے بھی نیچے گلی محلے کی سطح پر لیجایا جائے گا۔نوید قمر نے کہا کہ اگر کسی عام آدمی کے خلاف کرپشن کا کیس عدالت میں ہوتا تو اب تک کب کا فیصلہ ہوچکا ہوتا، اخلاقی طورپر تو کب کا فیصلہ ہو چکا ہے ، عوام خود بھی فیصلہ کرچکے ہیں کہ کون مجرم ہے ، پانامہ لیکس کی تفصیلات آنے کے بعد وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے دیگر اراکین کے 4مختلف بیانات منظرعام پر آگئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی صرف باتیں ہیں جہاں سے میں آیا ہوں وہاں تو ابھی بھی 16، 16گھنٹے لو ڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ۔قبل ازیں اٹارنی جنرل آف پاکستان اشر اوصاف اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک بھی جہانگیر بدر کی رہائش پہنچے اور انکے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی ۔