بجلی بحران موجودہ حکومت کو ورثہ میں ملا ہے ، موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ 2018ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے ، موجودہ حکومت کو اس امر کا بخوبی ادراک ہے کہ اس بحران سے معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص طالبعلم متاثر ہو رہے ہیں ، حکومت مسائل کے باوجود شہریوں کو تعلیم , صحت اورٹرانسپورٹ سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے دن رات کوشاں ہے

چیئرمین میٹرو بس پراجیکٹ راولپنڈی و سابق ایم این اے محمد حنیف عباسی کا سائنس اینڈ آرٹس نمائش سے خطاب

ہفتہ 19 نومبر 2016 23:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2016ء) چیئرمین میٹرو بس پراجیکٹ راولپنڈی و سابق ایم این اے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے بجلی کا حالیہ بحران موجودہ حکومت کو ورثہ میں ملا ہے اور موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ 2018ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے ، موجودہ حکومت کو اس امر کا بخوبی ادراک ہے کہ اس بحران سے معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص طالبعلم متاثر ہو رہے ہیں اور مسائل کے باوجود شہریوں کو تعلیم , صحت اورٹرانسپورٹ سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت دن رات کوشاں ہے ، فروغ تعلیم کے لیئے نجی تعلیمی ادارے بہترین کردار ادا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے جدید تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں بڑی مدد ملی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو یہاںصدیق پبلک ماڈل سکول سیٹلائیٹ ٹائون راولپنڈی میں منعقدہ سائنس اینڈ آرٹس نمائش کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر ایم ڈی سکول ڈاکٹر حسن ظہور عباسی , پرنسپل سکول تہمینہ اسلم , والدین , اساتذہ اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی - اس نمائش میں ونڈ انرجی , سولر انرجی , ہائیڈل پاور , گرین ہائوسز , پانی کی کمی کے حوالے سے سکول کے طالبعلموں نے ایسے ماڈلز بنائے تھے جن کو دیکھ کر مہمان خصوصی نے ان کو بہت سراہا - ا س موقع پر خطاب میں انہو ںنے کہا کہ راولپنڈی کو تعلم,صحت و صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک مثالی شہر بنایا جا رہا ہے اور ان مقاصد کے لئے راولپنڈی میں تعلیمی اداروں میں نئے بلاکس کی تعمیر , ناپید سہولیات کی فراہمی , کمپیوٹر لیبارٹریز کا قیام سمیت فروغ تعلیم کی سینکڑوں سکیمیں تیار کی گئی ہیں ․ انہو ںنے کہا کہ شہریوں کو صحت کی سہولیات کے حوالے سے کارڈیالوجی سنٹر , بینظیر بھٹو شہید ہسپتال اور راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں انقلابی تبدیلیاں لاکر عوام الناس کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے -انہو ںنے کہا کہ 400-بستروں پر مشتمل یورالوجی سنٹر کے قیام سے شہر میںایک بہت بڑے ہسپتال کا اضافہ ہو جائے گا -اس ہسپتال میں گردے کے مریضوں ڈائیلاسز اور ٹرانسپلانٹ سمیت تمام سہولیات میسر ہوںگی -مہمان خصوصی نمائش میں بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان کے ماڈلز کے متعلق سوالات کئے اور بچوں کی ذہانت اور تیاری سے بہت متاثر ہوئے -محمد حنیف عباسی نے کہا کہ شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں سے متعلقہ تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور سکول کے بچوں کو ان سہولیات سے بھرپور استفادے کے لیئے انہیں کھیلوں میں حصہ لینے کی دعوت دی ․۔

قبل ازیں مہمان خصوصی کی آمد کے موقع پر بچو ںنے انہیں پھول کے گلدستے پیش کئے - سکول کی پرنسپل تہمینہ اسلم نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کی تکمیل سے سکول میں لیٹ ہوجانے والے بچے اب مقررہ وقت پر سکول حاضر ہوتے ہیں -انہو ںنے کہا ٓکہ میٹرو بس پراجیکٹ کی تکمیل سے شہر میں آمد ورفت کے حوالے سے ایک انقلابی تبدیلی آئی ہے اور اس سے تمام شہریوں سمیت بچے بھی مستفید ہو رہے ہیں -راولپنڈی شہر میں مری روڈ پر آمد ورفت کا ایک بہت بڑا مسئلہ میٹرو کی تکمیل سے حل ہوا ہے -