تاسیس جمعیت کا عالمی اجتماع بین الاقوامی اور قومی سیاست کا رخ تبدیل کریگا،مولانا فضل الرحمان

عالمی اجتماع مظلوم طبقات کے لئے ایک موئژ آواز ثابت ہو گی، علماء حق نے ہمیشہ استعماری قوتوں کے خلاف تاریخی جدوجہد کرکے تاریخ رقم کی ہے،اکرم خان درانی ،عبدالغفور حیدری

اتوار 20 نومبر 2016 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2016ء) تاسیس جمعیت کا عالمی اجتماع بین الاقوامی اور قومی سیاست کا رخ تبدیل کریگا، عالمی اجتماع مظلوم طبقات کے لئے ایک موئژ آواز ثابت ہو گی، علماء حق نے ہمیشہ استعماری قوتوں کے خلاف تاریخی جدوجہد کرکے تاریخ رقم کی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان اور ڈپٹی چیرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری وفاقی وزیر ہاوسنگ اکرم خان درانی نے جمعیت علماء اسلام کے دو روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، اجلاس کی صدارت مولانا گل نصیب خان نے کی جبکہ دوسرے روز کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ناظمین ونائب ناظمین، ارکان شواریٰ، ضلعی امراء ونظماء اور قبائل ایجنسیوں کے عہدیداروں کے علاوہ مولانا شجا ع الملک مولانا عطاء الحق درویش، مولانا رفیع اللہ قاسمی، عبدالجلیل جان، مولانا راحت حسین، مولانا عین الدین شاکر، مولانا عزیز احمد، مولانا فضل معبود، قاری محمد یوسف ایم این اے، مولانا گوہر شاہ ایم این اے، مفتی سید جانان ایم ہی اے، مفتی فضل غفور ایم پی اے، مولانا فضل علی، حاجی محمد اسحاق، سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ تاریخ ساز عالمی اجتماع ملکی اور بین الاقوامی پیغام نوید ثابت ہو گا، انھوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی قیادت نے ہمیشہ ظلم اور جبر کے خلاف آواز اٹھا کر اپنے اکابر کے مشن کو زندہ کیا ہے، انھوں نے کہا کہ استعماری قوتوں کے خلاف جدوجہد کرکے جمعیت علماء اسلام کی قیادت نے تاریخ رقم کی ہے، جمعیت علماء اسلام اگلے سال 7,8,9اپریل کو لاکھوں عوام کی موجودگی میں ظلم جبر اور استعماری قوتوں کے خلاف عملی جدوجہد کا اعلان کریگی، انھوں نے کہا کہ پورے ملک آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، قبائل ایجنسیوں کے علاوہ دنیا بھر سے جمعیت علماء سے وابستہ کارکن قافلہ در قافلہ شریک ہو کر تاریخی تسلسل قائم کرینگے، وفاقی وزیر ہاوسنگ محمد اکرم خان درانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اجتماع کے انعقاد کیلئے ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا کے ارکان جمعیت نے عقیدت اور اخلاص کے ساتھ محنت کی ہے، اور کارکنوں کی محنت اور اخلاص کی وجہ سے عالمی اجتماع کی کامیابی سے ہمکنار ہو گا، انھوں نے کہا کہ ہر علاقہ کا رکن ، جانی مالی قربانی دیکر اس اجتماع کی کامیابی کیلئے فکر مند ہے، انھوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام سی پیک منصوبے میں ایک اہم رول ادا کررہی ہے، کچھ ملک دشمن عناصر سی پیک منصوبے کو اختلافات کا شکار بنا کر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل میں مصروف ہیں، انھوں نے کہا کہ اقتصادی، معاشی ترقی میں سی پیک منصوبہ ملک میں صنعتی اور معاشی انقلاب برپا کریگا، انھوں نے کہا کہ ہم حکومت میں رہ کر حکومت کی اصلاح کررہے ہیں اور اپنے محکمے میں سرکاری ملازمین اور عوام کیلئے اہم ترین منصوبوں پر عمل درآمدکو یقینی بنا یا جارہا ہے، اجلاس میں ضلعی امراء ونظماء اور ارکان شواریٰ نے ضلعی جماعتوں کی کارکردگی اور عالمی اجتماع کیلئے کی گئی کوششوں سے اجلاس کو آگاہ کی جس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ناظمین نے بھی اپنی کارکردگی سے صوبائی اجلا س کو تفصیل سے آگاہ کیا، اجلاس سے مولانا گل نصیب خان اور مولانا شجا ع الملک اور دیگر ارکان عاملہ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :