رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی اور پریس فوٹو گرافر ایسوسی ایشن کی گورننگ باڈی کا کے ڈی اے سوک سینٹر کا دورہ

اتوار 20 نومبر 2016 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2016ء) ممبر صوبائی اسمبلی سندھ اور سابقہ وزیر اطلاعات و نشریات شرمیلا فاروقی اور پاکستان پریس فوٹو گرافر ایسوسی ایشن کے صدر سید حامد حسین، نائب صدر سعید اقبال، جنرل سیکریٹری عباس مہدی، جوائنٹ سیکریٹری محمد ناصر، خازن ثاقب صدیقی و دیگر گورننگ باڈی کے اراکین نے کے ڈی اے سوک سینٹر کا دورہ کیا۔

ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس، کنسلٹنٹ سید مکرم سلطان بخاری نے شرمیلا فاروقی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس اور شرمیلا فاروقی نے دفتر تعلقات عامہ کے مختلف شعبہ جات بشمول نیوز روم، سوشل میڈیا، اخباری تراشے، فوٹو اور ویڈیو رومز کا دورہ کیا۔ تعلقات عامہ کے کوآرڈی نیٹر اکرم ستار نے شرمیلا فاروقی اور ڈی جی کے ڈی اے کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور دفتر تعلقات عامہ کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس کی سربراہی میں کے ڈی اے شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے گزشتہ 14 برس کے بعد کے ڈی اے کو بحال کرنا سندھ گورنمنٹ کا بڑا اقدام ہے اور سندھ گورنمنٹ ماضی کی طرح کے ڈی اے کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی ۔اس موقع پر میڈیا کوآرڈی نیٹر اکرم ستار نے ممبر صوبائی اسمبلی شرمیلا فاروقی، ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس، کنسلٹنٹ سید مکرم سلطان بخاری و دیگر کو سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے اجرک کا تحفہ پیش کیا جبکہ خصوصی طور پر ممبر صوبائی اسمبلی شرمیلا فاروقی اور پاکستان پریس فوٹو گرافر کے وفد کو ڈی جی کے ڈی اے کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔

شرمیلا فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ دفتر تعلقات عامہ کا دفتری نظام ٹیم ورک کے نتیجے کے باعث ہی قابل ستائش ہے دیگر ادارے اس نظام کی تقلید کریں شرمیلا فاروقی نے میڈیا کوآرڈی نیٹر اکرم ستار اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی محنت کے باعث ہی کے ڈی اے ادارہ کو ایک بار پھر سے عوام میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، بہت جلد میں سندھ اسمبلی میں کے ڈی اے کے فنڈ کی بحالی کے لئے کوشش کروں گی تاکہ کے ڈی اے ادارہ جلدازجلد اپنے پیروں پر کھڑا ہوسکے۔

اس موقع پر دفتر تعلقات عامہ کے میڈیا کوآرڈی نیٹر اکرم ستار نے ممبر صوبائی اسمبلی سندھ شرمیلا فاروقی، ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس، کراچی پریس فوٹو گرافرکے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ کنسلٹنٹ سید مکرم سلطان بخاری، سیکریٹری کے ڈی اے توفیق سومرو، ڈائریکٹر ایڈمن انجینئرنگ محبوب عالم،چیف سیکورٹی آفیسر کیپٹن (ر) الطاف راجپوت، پرسنل اسٹاف آفیسر ریاض احمد راشد، آفیسر تعلقات عامہ فرمان شاہ و دیگر افسران موجود تھے۔