چین کا شمالی میانمر میں فسادات پر اظہار افسوس

فریقین فوری جنگ بندی کیلئے موثر اور ٹھوس اقدامات کریں ،چین

پیر 21 نومبر 2016 12:27

یانگان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2016ء) چین نے شمالی میانمر میں فسادات پھوٹ پڑنے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور تمام فریقین سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سے بازرہیں اور فوری طورپر جنگ بندی کیلئے موثر اور ٹھوس اقدامات کریں تا کہ چین اور میانمر کے سرحدی علاقے میں جلد از جلد امن بحال ہو سکے ، میانمر میں چینی سفارتخانے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں چینی باشندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے بارے میں محتاط رہیں اور فسادات کے علاقے میں جانے سے احتراز کریں ،اس تنازعے کا آغاز اتوار کی صبح اس وقت ہوا جب میانمر کی سرکاری افواج اور بعض مقامی نسلی مسلح گروپ کے درمیان لڑائی چھڑ گئی ، یہ علاقے میانمر کے شمال میں چین میانمر سرحد کے ساتھ واقع ہے ،لڑائی سے بچنے کیلئے میانمر کے سرحدی رہائشیوں نے چین کا رخ کر لیا ہے ، اس سلسلے میں چینی حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آنے والے افراد کیلئے طبی امداد سمیت دیگر انتظامات کرنا شروع کر دیئے ہیں ، چینی سفارتخانہ صورتحال کا بڑی قریب سے جائزہ لے رہا ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی مدد کیلئے یان جان میں چینی سفارتخانے یا مینڈالے نے قونصلیٹ جنرل سے رابطہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :