فیس بک سے سعودی شہری کی 41 سال بعد مصری استاد سے ملاقات

آئندہ مستقل طور پر استاد سے رابطہ، سال میں دو مرتبہ ملاقات کے لیے مصر آئوں گا،شاگرد کی گفتگو

پیر 21 نومبر 2016 14:31

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) فیس بک نے 41سال بعد سعودی شہری کو مصری استاد سے ملادیا،عرب ٹی وی کے مطابق سعودی شہری عبداللہ نے بتایا کہ اس نے اپنے استاد تک پہنچنے کے لیے مدد کے واسطے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو ٹیلی گرام بھیجنے کے بارے میں بھی سوچا تاہم آخرکار اللہ کے فضل سے فیس بک اور اپنے استاد کے ایک دوست امین مسلوب کے ذریعے عبداللہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

عبداللہ قہار کے مطابق وہ 41 برس بعد اپنے محترم استاد سے مل کر مسرت کے ناقابل بیان جذبات سے سرشار ہے۔ عبداللہ نے سعودی عرب سے اپنی اہلیہ سے بھی فوری طور پر مصر آنے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ بھی اپنے شوہر کے بچپن کے استاد کو دیکھے۔ عبداللہ نے اپنے مذکورہ استاد سے ہی پڑھنا لکھنا اور نماز اور قرآن کو سیکھا۔ استاد نے عبداللہ کی تربیت اپنے بیٹوں کی طرح کی اور وہ بھی اپنے استاد کو والد کی حیثیت دیتا ہے۔ عبداللہ کا کہنا تھا کہ اب وہ مستقل طور پر استاد سے رابطہ رکھے گا اور سال میں دو مرتبہ ملاقات کے لیے مصر آیا کرے گا۔