حضرت امام حسینؓ اور شہداء کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا

پیر 21 نومبر 2016 23:18

حضرت امام حسینؓ اور شہداء کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) حضرت امام حسین رضیؓ اور شہداء کربلا کا چہلم پیر کو عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شہر بھر میں مجالس عزا منعقد ہوئیں جبکہ مرکزی مجلس نشتر پارک میں صبح 11 بجے منعقد ہوئی جس سے ممتاز عالم دین علامہ طالب جوہری نے خطاب کیا۔ ختم مجلس کے بعد نشتر پارک سے علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس برآمد ہوا جس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹ کر رہے تھے۔

مرکزی جلوس کے شرکاء نے نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا پر ادا کی۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، جامع کلاتھ، لائٹ ہاؤس اور سٹی کورٹ سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہوا۔ بوتراب اسکاؤٹس سمیت مختلف تنظیموں کے تحت ایم اے جناح روڈ اور نشتر پارک میں استقبالیہ کیمپ ، طبی کیمپ، پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے چہلم کے موقع پر ٹریفک کے متبادل انتظامات کئے تھے اور مرکزی جلوس کے راستوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کو جانے کی اجازت نہیں تھی۔ انتظامیہ نے چہلم امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے اور شہر کے تمام حساس مقامات خصوصاً مساجد و امام بارگاہوںکے اطراف رینجرز و پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :