سابق نگران وزیراعظم معین قریشی 86 برس کی عمر میں واشنگٹن میں انتقال کرگئے

بدھ 23 نومبر 2016 10:49

سابق نگران وزیراعظم معین قریشی 86 برس کی عمر میں واشنگٹن میں انتقال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) سابق نگران وزیراعظم معین قریشی 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔پی ٹی وی کے مطابق پاکستان کے سابق نگران وزیراعظم واشنگٹن میں انتقال کر گئے وہ طویل عرصہ سے پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔معین قریشی18 جولائی 1993ء سے 19 اکتوبر 1993ء تک پاکستان کے نگران وزیراعظم رہے۔معین قریشی 26 جون 1930 ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔

ان کے والد محی الدین قریشی برطانوی حکومت میں ملازم تھے۔ معین قریشی نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کی اور پھر پنجاب یونیورسٹی سے معاشیات میں ایم اے کیا۔

(جاری ہے)

معین قریشی فل برائٹ اسکالر شپ پر امریکا چلے گئے اور 1955ء میں انڈیانا یونیورسٹی سے معاشیات میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔ پی ایچ ڈی مکمل کرنے کے بعد وہ 1955ء میں پاکستان واپس آگئے اور پلاننگ ڈویژن میں ملازمت اختیار کی تاہم اگلے ہی سال ملازمت سے استعفیٰ دے کر واپس امریکا چلے گئے اور آئی ایف ایم میں ملازم ہوگئے۔

وہ 1960ء میں گھانا حکومت کے معاشی مشیر مقرر ہوئے۔ 1991ء میں انہوں نے ورلڈ بینک کو خیر باد کہہ کر امریکا میں مستقل سکونت اختیار کرلی اور ایمرجنگ مارکیٹ ایسوسی ایٹس نامی کمپنی قائم کی۔معین قریشی نے امریکی خاتون سے شادی کی جس سے ان کے چار بچے ہیں۔