پڑھے لکھے لوگ قوت ارادی کے تحت فیملی سائز بنیادی ضروریات کے مطابق رکھنے کیلئے ناخواندہ لوگوں کو آگاہ کریں ‘ذکیہ شاہنواز

محکمہ تعداد کی بجائے استعداد کی بنیاد پر پہلے سے کئی گنا متحرک اور فعال انداز سے کام کر رہا ہے‘صوبائی وزیر بہبود آبادی کی سول سوسائٹی کے وفد سے گفتگو

بدھ 23 نومبر 2016 16:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) صوبائی وزیر بہبود آبادی بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ پڑھے لکھے لوگ قوت ارادی کے تحت فیملی سائز بنیادی ضروریات کے مطابق رکھنے کے لئے ناخواندہ لوگوں کو آگاہ کریں کیونکہ ہمیں وہ بچے چاہیں جن کی ماں باپ بہتر تعلیم و تربیت کر سکیں ۔ان خیالات کا ظہار صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں سول سوسائٹی کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ اس وقت محکمہ عوام کو کوالٹی مانع حمل ادویات فراہم کر رہا ہے انہوں نے این جی اوز کی بہبود آبادی سے متعلق حکومتی کاوشوں میں سپورٹ کو سراہا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ تعداد کی بجائے استعداد کی بنیاد پر پہلے سے کئی گنا متحرک اور فعال انداز سے کام کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقصد بے جا کثیر اولادی کے رویے اور خواتین کی شرح اموات کو روکنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ معاون اداروں اور سیاسی شخصیات کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے اداروں اور اپنے زیر اثر طبقات و افسران کے ذریعے کچی آبادیوں او رپسماندہ علاقوں میں آبادی کے حوالے سے کام کریں ۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کا مسئلہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے اس سے نبردآزما ہونے کے لئے بہبود آبادی کو تمام سٹیک ہولڈرز ، این جی اوز ، پارلیمنٹرینز ، مذہبی سکالرز ، تمام مکاتب فکر ، میڈیا ، تمام حکومتی اداروں اور محکموں کی معاونت و مشاورت اور رہنمائی کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کی طرح پوری قوم کو انڈو نیشیا ، ترکی اور بنگلہ دیش کی طر ح بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا ۔ پورے ملک کو وسائل اور آبادی میں توازن کے حوالے سے انفرادی و اجتماعی سطح پر پوری کمٹمنٹ کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :