شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت 8دسمبر تک ملتوی

عدالت نے نیب اور الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے سے متعلق حکم امتناع برقرار رکھا ،الیکشن کمیشن و دیگر کو جواب الجواب جمع کرانے کا حکم دے دیا

بدھ 23 نومبر 2016 16:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) سندھ ہائی کورٹ نے رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت 8دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر کو جواب الجواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے شرمیلا فاروقی کے خلاف نیب اور الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے سے متعلق حکم امتناع برقرار رکھا اور الیکشن کمیشن اور دیگر کو جواب الجواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرانے لیے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے احکامات کے باوجود جواب جمع نا کرانے پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کی سرزنش کی اور حکم دیا کہ تمام فریقین آئندہ سماعت پر دلائل کیلئے تیاری کر کے آئیں۔

(جاری ہے)

نیب کے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ شرمیلا فاروقی سزایافتہ ہیں، کوئی سرکاری عہدہ نہیں رکھ سکتیں۔ نیب قانون کے مطابق کارروائی کر رہا ہے۔ نیب نے شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کیلئے سٹیٹ بنک اور الیکشن کمیشن کو دو خط لکھے ہیں۔شرمیلا فاروقی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ شرمیلا فاروقی کی سزا دو ہزار ایک میں پلی بارگین کی ذریعے ختم ہو گئی تھی۔ پلی بارگین کے بعد نااہلی کی سزا قائم رہنے کا قانون دو ہزار کے بعد بنا سزا اس سے پہلے ہوئی۔