پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سکولوں‘ کالجوں اور ہسپتالوں کی کینٹینوں اور کیفے ٹیریاز پر چھاپے

چلڈرن ہسپتال‘ جناح ہسپتال اور علامہ اقبال میڈیکل کالج کے کیفے ٹیریازکوناقص صفائی پر جرمانے فریسکو سویٹس سیل کردی

جمعرات 24 نومبر 2016 23:23

لاہور۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ہوٹل اور ریسٹورنٹس کے علاوہ سکولوں‘ کالجوں اور ہسپتالوں کے کیفے ٹیریاز کی چیکنگ بھی شروع کر دی ہے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی ہدایت پر ڈائریکٹر آپریشنز رافعہ حیدر نے لاہور چلڈرن ہسپتال کے کیفے ٹیریا پر چھاپہ مارا اور ناقص خوراک کی فراہمی پر 5ہزار روپے جرمانہ اور بہتری لانے کی ہدایات دیںجبکہ جناح ہسپتال اور علامہ اقبال میڈیکل کالج کے کیفے ٹیریاز کو خراب انڈے اور زائدالمعیاد غذائی اجزا کے استعمال پر 15ہزار روپے جرمانہ کیا۔

علامہ اقبال ٹائون کی ٹیم نے سبزہ زار میں چشتی بیکری کو ٹوٹے پھوٹے فریزر‘ ورکرز کی ناقص جسمانی صفائی اور کھانے پینے کی اشیاء پر مکڑی کے جالوں کی موجودگی پر سیل کر دیا۔

(جاری ہے)

داتا گنج بخش ٹائون کی ٹیم نے گورسی بیکری کو جعلی لیبل اور زائد المعیاد اشیاء کے استعمال پر سیل کر دیا۔نشتر ٹائون کی ٹیم نے گرین ٹائون میں ساحل فروزن فوڈز یونٹ کو انتہائی ناقص صفائی پر فوری سربمہر کر دیا۔

راوی ٹائون کی ٹیم نے شاہدرہ میں شفیق بیکری کو فوڈ اتھارٹی لائسنس کی عدم موجودگی اور واش روم کے قریب پروڈکشن پر سربمہر کر دیا۔ واہگہ ٹائون کی ٹیم نے جلو موڑ پر بٹ دہی بھلے اور شمع کریانہ سٹور کو پروڈکشن ایریا میں کوڑا کرکٹ کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر بالترتیب تین ہزار اور 7500 روپے جرمانہ کیا۔ عزیز بھٹی ٹائون کی ٹیم نے اچھاگجر ملک شاپ کو فریزر میں خراب دودھ کی موجودگی پر 5ہزار جبکہ پاک شیریں سویٹس کو ناقص غذائی اجزاء اور بدترین صفائی پر 20ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے 7دن میں انتظامات بہتر کرنے کی وارننگ جاری کی۔

سمن آباد کی ٹیم نے غزالی روڈ پر انیس بیکری جبکہ ایوبیہ مارکیٹ میں رانا دلدار سویٹس کو صفائی کے معیار پر پورا نہ اترنے پر بالترتیب 5ہزار اور 6ہزار روپے جرمانہ کیا۔ راولپنڈی کی ٹیم نے سیدپور روڈ پر بالاتکہ ہائوس کو زائدالمعیاد اشیاء اور فوڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ معیارپر پورا نہ اترنے پر 70ہزار ‘ کمرشل ایریا میں ریفریشمنٹ سنٹر اور المعراج چکن شاپ کو پندرہ پندرہ ہزار روپے جرمانہ کیا۔ڈی ڈی او راولپنڈی فریحہ انور نے مری روڈ پر فریسکو سویٹس پروڈکشن یونٹ اینڈ آئوٹ لیٹ کو زائدالمعیاد ‘ مضرصحت ‘ ناقص اور غیرمعیاری اجزاء کی پروڈکشن اور فروخت پر فوری سیل کر دیا۔