سیکرٹری سوشل ویلفئیر ڈاکٹر شیرین مصطفیٰ کا دارالا مان سکھر کا دورہ، اسٹاف سے بیان قلمبند کئے

جمعہ 25 نومبر 2016 23:10

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) محکمہ سماجی بہبود سندھ کی سیکریٹری ڈاکٹر شیریں مصطفی نے جمعہ کے روز دارالا مان سکھر پہنچ کرکمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ اور ایس ایس پی سکھر امجد شیخ کی موجودگی میں ایک خاتون کی شادی اور فروخت کی خبرکے حوالے سے دارالا مان کے عملے سے بیانات لیے اور انکوائری کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے دارالا مان سکھر کے مختلف مسائل کے حوالے سے افسران سے آگاہی بھی حاصل کی اور ہدایت کی کہ دارالا مان سکھر میں رہائش پذیر خواتین کے بچوں کو بہتر تعلیم دلانے کے لئے دارالا طفال کے بچوں کے ساتھ اسکول بھیجا جائے تا کہ انہیںآزاد ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئرنے ڈائریکٹر تعلیم سکھر زیب النساء منگی کو ہدایت کی کہ دارالا مان کی خواتین کو پڑھانے کے لئے لیڈی ٹیچر مقرر کی جائیں اور ان کے بچوں کو اسکول یونیفارم اور کتابیں مہیا کی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسٹاف کو ہدایت کی کہ بچوں کی تعداد اور تفصیلات فراہم کی جائیں تا کہ ڈریسز اور کتابوں کا بندوبست کیا جا سکے۔ سیکریٹری سوشل ویلفیئرڈاکٹر شیریں مصطفی نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کی مبینہ فروخت اور شاد ی کی خبر کی اعلیٰ سطح پرجانچ کی جا رہی ہے اور اس کو شفاف بنانے کے لئے وہ خود انکوائری کے لئے دارالا مان سکھر پہنچیں ہیں انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاف ، اہلکاروں اور خواتین کے بیانات لئے گئے ہیں معاملے کی مختلف پہلوؤںسے جانچ کی جا رہی ہے اور اگر دارالا مان سکھر کے اسٹاف میں سے کوئی بھی افسر یاعملہ اس میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دارالا مان میں موجود خواتین اور ان کے بچوں کو تحفظ فراہم کر نا حکومت کا فرض ہے اور اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :