وزارت مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی نے حج پالیسی 2017ء پر مشاورت کا آغاز کردیا

ہفتہ 26 نومبر 2016 18:38

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء) وزارت مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی نے حج پالیسی 2017ء پر مشاورت کا آغاز کردیا اور اس سلسلے میں ہفتہ کو ڈائریکٹوریٹ آف حج کراچی میں ایک روزہ حج مشاورتی ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکیم کے حجاج کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس مشاورتی ورکشاپ کا مقصد حجاج کرام سے ان کے تجربات کی روشنی میں ان سے تجاویز اور مشاورت کرنا تھا۔

حجاج کرام کو گروپس میں تقسیم کرکے ان سے حج کے مختلف انتظامات پر تجاویز لی گئیں۔ گروپ اے کے کوآرڈینیٹر غلام نبی شیخ سیکشن آفیسر، گروپ بی کے کو آرڈینیٹر اظہر اقبال ہاشمی سیکشن آفیسر، گروپ سی کے کوآرڈینیٹر سید شہاب کاظمی تھے جبکہ فقہ جعفریہ کے حجاج کرام سے تجاویز کے حصول کے لئے الگ سے ایک گروپ بنایا گیا تھا جس کے کوآرڈینیٹر سید مجاب احمد رضوی تھے۔

(جاری ہے)

پرائیویٹ اسکیم کے حجاج سے تجاویز پر بحث اور معاملات پر تفصیلی بات کیلئے فرید اسلام خٹک ڈپٹی سیکریٹری حج پالیسی، وزارت مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی اس گروپ کے کوآرڈینیٹر تھے۔ پروگرام کے مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات تھے جنہوں نے مشاورتی ورکشاپ کے اغراض ومقاصد سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر حج سید امتیاز علی شاہ نے ایک روزہ ورکشاپ کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے اور محمد مجاہد رانا نے تقریب کی نقابت کا فریضہ سرانجام دیا۔

متعلقہ عنوان :