وزیراعلیٰ بلوچستان سے حبکو پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی ملاقات

ہفتہ 26 نومبر 2016 23:47

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے حبکو پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد منصور نے ملاقات کی اور انہیں گڈانی میں 1320 میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ کے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء شیخ جعفر خان مندوخیل، محمد خان لہڑی،اراکین صوبائی اسمبلی عبدالقدوس بزنجو، میر حاجی اکبر آسکانی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹری بھی اس موقع پر موجود تھے، حبکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ چینی کمپنی کے اشتراک سے حبکو پاور کمپنی 2 بلین ڈالر کے اس منصوبے پر کام کر رہی ہے، جو اقتصادی راہداری کا حصہ ہوگا، منصوبے کے تحت گڈانی میں جیٹی بھی تعمیر کی جائے گی اور منصوبے میں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حبکو پاور کمپنی کے زیر اہتمام کوآپریٹیو سوشل رسپانسی بیلٹی کے تحت علاقے کی سماجی ترقی کے منصوبوں پر کام جاری ہے، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیاں ماحولیاتی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں اور ہر منصوبے میں ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، انہوں نے سی ایس آر کے تحت کمپنیوں کی جانب سے سماجی شعبہ کی ترقی میں شراکت داری نہ ہونے کو قابل تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی ایس آر پر عملدرآمد کو ہرصورت یقینی بنایا جائے جو کمپنیوں کی آئینی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے تاہم سرمایہ کاری منصوبوں میں بلوچستان اور یہاں کے عوام کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :