ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انتخابات میں ہمارا گروپ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا‘ ایس ایم منیر

اتوار 27 نومبر 2016 22:40

سیالکوٹ ۔27نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء)حالیہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انتخابات میں ہمارا گروپ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا‘ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے تجار ت کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس سے سیالکوٹ کے صنعتکارمستفید ہوئے ہیں‘ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کے لئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے انتہائی موذوں کردار ادا کیا ہے اور آج بڑھتی ہوئی ایکسپورٹ کی بنیادی وجہ ہی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا فعال ہونا ہے‘ حالیہ انتخابات میں اپنی جامعہ پالیسیوں اور صنعتکاروں کو سہولیات کی بروقت آسان فراہمی کی وجہ سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔

ان خیالات کا اظہار ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صنعتکاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر ملک افتخار احمد ، اتحاد فاؤنڈر گروپ کے قائدریاض الدین شیخ ، خواجہ خاور ، چیئرمین سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیر پورٹ ملک محمد اشرف اعوان ، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس ماجد رضا بھٹہ،سابق صدر چیمبر آف کامرس میجر (ر) منصور احمد،چیئرمین سرجیکل ایسوسی ایشن آف پاکستان سیالکوٹ جہانگیر بابر باجوہ ، عبد الجلیل باجوہ ، اعجاز اے کھوکھر ، ڈاکٹر لقمان بٹ سمیت صنعتکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی میلوں میں سیالکوٹ کے ایکسپورٹرز کو ترجیح بنیادوں پر نہ صرف سٹال کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ ان میں خاطر خواہ اضافہ بھی کیا جائے گا تا کہ قیمتی زرمبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکے ۔تجارت کو بڑھا کر معاشی ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ سرجیکل ، سپورٹس گڈز، ہوزری ، لیدر گارمنٹس، میوزیکل انسٹرومنٹس سمیت دیگر آلات سیالکوٹ کے ہنر مند انتہائی محنت اور لگن سے تیار کرتے ہیں جن کو عالمی مارکیٹ میں انتہائی شہرت حاصل ہے ۔