Live Updates

پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے حنیف عباسی کی درخواست پر جواب جمع کروا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 29 نومبر 2016 13:58

پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے حنیف عباسی کی درخواست پر جواب جمع کروا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29 نومبر 2016ء) : پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے حنیف عباسی کی اپنے خلاف دائر درخواست پر جواب جمع کروا دیا ہے۔ اپنے جواب میں عمران خان نے حنیف عباسی کی جانب سے عائدکیے گئے ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ سے متعلق تمام الزامات کو مسترد کر دیا۔ عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا کہ حنیف عباسی کی جانب سے منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے عائد کیے گئے الزامات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔

عمران خان نے بتایا کہ لندن فلیٹ بیرون ملک آمدن سے ایک لاکھ 17 ہزار پاؤنڈز میں خریدا۔ فلیٹ 7 لاکھ 15 ہزار پاؤنڈز میں فروخت ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکس منہا کر کے 6 لاکھ نوے ہزار 307 پاؤنڈز ملے۔ طے پایا تھا کہ لندن فلیٹ کی رقم جمائما کو دی جائے گی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے بتایا کہ 9 پاؤنڈز مالیت سے نیازی سروسز لمیٹڈ کمپنی بنائی گئی۔ نیازی سروسز لمیٹڈ کا کُل اثاثہ لندن کا فلیٹ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 2002ء میں بنی گالہ کی زمین 43 کروڑ 50 لاکھ روپے میں اقساط میں خریدی۔ بنی گالہ اراضی کی پیشگی رقم 65 لاکھ روپے اپنے ذرائع سے ادا کی۔ لندن فلیٹ کی فروخت میں تاخیر پر جمائما نے بنی گالہ اراضی کی رقم ادا کی۔ جمائما کی جانب سے بنی گالہ اراضی کی رقم ادائیگی کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔ مارچ 2003ء میں لندن فلیٹ کی رقم جمائما کو دے دی۔

طلاق کے بعد جمائما نے بنی گالہ کا گھر خط کے ذریعے گفٹ کر دیا۔ عمران خان کی جانب سے جواب میں بتایا گیا کہ ایف بی آر (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) نے گذشتہ 13 سال سے بنی گالہ کی ٹرانزکشن پر اعتراض نہیں کیا۔عمران خان نے کہا کہ اپنے اثاثوں سے متعلق کوئی غلط بیانی نہیں کی۔ تین دہائیوں سے ٹیکس ادا کر رہا ہوں۔ میرے ذرائع آمدن معلوم ہیں اور ٹیکس بھی ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ درخواستگزار نے اپنے سیاسی آقاؤں کی ایما پر پس پردہ مقاصد کے لیے الزامات عائد کیے۔ انہوں نے اپنے جواب میں استدعا کی کہ حنیف عباسی کی درخواست کو جُرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے۔ اپنے جواب میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف پر عائد کیے گئے الزامات کا جواب پارٹی کا وکیل دے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات