چندسڑکوں، پلوں کی تعمیر خوشحالی نہیں،انصاف کے بغیر معاشرے قائم نہیں رہتے ‘ڈاکٹر طاہر القادری

شخصی اقتدار کی مضبوطی پاکستان کی کمزوری ہے،عوام کی خاموشی کا فائدہ قاتل اور کرپٹ اٹھا رہے ہیں سربراہ پاکستان عوامی تحریک 4 دسمبر کو مزار قائد پر حاضری دیں گے، استقبال کی تیاریاں مکمل

منگل 29 نومبر 2016 19:43

چندسڑکوں، پلوں کی تعمیر خوشحالی نہیں،انصاف کے بغیر معاشرے قائم نہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ چند سڑکوں، پلوں کی تعمیر کا نام خوشحالی نہیں، تعلیم اور انصاف کے بغیر معاشرے قائم نہیں رہ سکتے ، ایک شخص کے اقتدار کی مضبوطی پاکستان کی کمزوری ہے۔ادارے تباہ ہو چکے ،عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہیںاور انصاف نا پید ہے جب تک ظلم ، نا انصافی ہے ہماری جدوجہد اور مزاحمت بھی جاری رہے گی ۔

ظالم ،قاتل او ربد عنوان حکمران سن لیں ہم اپنی جدوجہد میں شدت لائیں گے ،استحصالی ٹولے کے نیست و نابود ہونے تک کلمہ حق بلند کرتے رہیں گے اور یہ دن قریب ہے ۔وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے۔وکلاء نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس کی مزید سماعت 2دسمبر کو ہو گی اور جوڈیشل کمیشن رپورٹ کے حصول کے ضمن میں لاہور ہائی کورٹ کا بنچ آج 30نومبر کو سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے کیس کے فیصلے سے ہی یہ طے ہو گا کہ ہمارا جسٹس سسٹم Pro-Poor ہے یا Pro-Crual ۔انہوں نے کہاکہ سوالات ہو رہے ہیں کہ شریف اقتدار پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گیا ، میرا سوال یہ ہے کہ کیا عوام کو انصاف ملنا شروع ہو گیا کیا کرپشن ختم ہو گئی کیا لوٹ ما رختم ہو گئی ،کیا ٹھیکے بغیر کمیشن کے جاری ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے نواز لیگ کا اقتدار مضبو ط ہو گیا انہوں نے کہا کہ عوام کی خاموشی ،لا تعلقی اور بے بسی کا فائدہ ظالم، قاتل اور کرپٹ اٹھا رہے ہیں ۔

جن کا پاکستان ہے انہیں اسکی حفاظت کیلئے اب اٹھنا ہو گا ،مے فیئر فلیٹس والے بھاگ جائیں گے 19کروڑ عوام نے یہیں رہنا ہے ۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ 4 دسمبر کو کراچی پہنچیں گے اور مزار قائد پر حاضری دیں گے۔ انکے دورہ کراچی کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔عوامی تحریک کے مرکزی رہنماء 2دسمبر کو لاہور سے کراچی پہنچیں گے۔