Live Updates

پانامہ لیکس کیس کی سماعت اور جج صاحبان کے ریمارکس سے واضح ہو گیا کہ نوازشریف جلد وزارت عظمیٰ سے الگ کر دیئے جائیں گے ، سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ 15دسمبر تک متوقع ہے ، حکمران جماعت میں بطور وزیراعظم کے جانشینوں مریم نواز، اسحاق ڈار، چوہدری نثار اور عبدالقادر بلوچ کے نام زیر غور ہیں ،15دسمبر سے قبل عوامی فیصلہ آئے گا اور نوازشریف وزیراعظم نہیں رہیں گے، وزارت عظمیٰ کیلئے ہمارے امیدوار عمران خان ہیں

تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق کا ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 30 نومبر 2016 21:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 نومبر2016ء) تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کیس کی موجودہ سماعت اور ججز کے ریمارکس سے واضح ہو گیا ہے کہ نوازشریف جلد وزارت عظمیٰ کے عہدے سے الگ کر دیے جائیں گے ، سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ 15دسمبر تک متوقع ہے ، حکمران جماعت (ن) لیگ میں بطور وزیراعظم نوازشریف کے جانشینوں کے نام زیر غور ہیں ، مریم نواز، اسحاق ڈار، چوہدری نثار اور جنرل عبدالقادر بلوچ کے نام زیر غور ہیں ۔

وہ بدھ کو یہاں ایک مقامی ہوٹل میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ نعیم بخاری نے آج جاندار انداز میں دلائل دیے ، تمام ثبوت عدالت میں جمع کرا دیے ، نوازشریف 7ماہ سے جھوٹ بول رہے ہیں ، حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء اپنے حلف اور قانون کی خلاف ورزی کر کے روزانہ ایک بدعنوان شخص کا دفاع کرنے کورٹ کے باہر پہنچ جاتے ہیں ، سرکاری ٹیکسوں پر تنخواہ وصول کرنے والے ایک شخص کی ذات سے وفاداری نبھا رہے ہیں جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کے ججوں اور ہمارے وکیل نعیم بخاری نے قطری شہزادے کے خط کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں ، ہمارے جنگ کرپشن کے خلاف ہے نوازشریف کرپشن کے شہنشاہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے جانے کے بعد ان کے جانشین کی تقرری پر غور ہو رہا ہے جس کے بعد آئین کے تحت قومی اسمبلی اپنا وزیراعظم چنے گی ، (ن) لیگ میں وزارت عظمیٰ کے لئے ہمارا کوئی پسندیدہ شخص نہیں ، ہمارے امیدوار برائے وزارت عظمیٰ عمران خان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا اندازہ ہے کہ 15دسمبر سے قبل عوامی فیصلہ آئے گا اور نوازشریف وزیراعظم نہیں رہیں گے ۔ (ع ع)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات