یونیورسٹی کے طلبا اور ماہرین خوراک کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کیلئے تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

بدھ 30 نومبر 2016 23:04

فیصل آباد ۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی فیکلٹی آف فوڈ‘ نیوٹریشن و ہوم سائنسز میں فوڈ سیفٹی انٹرن شپ اینڈ سپلائرز ڈویلپمنٹ پروگرام میں یونیورسٹی کے طلباء وطالبات اور ماہرین خوراک و غذائیات کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرنے کیلئے تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں تھے ۔ انہوں نے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کیلئے فوڈ سیفٹی کے جملہ اُمور پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد فی الحقیقت مارکیٹ میں ایسی افرادی قوت بھیجنا ہے جو اپنے پیشہ وارانہ اُمور میں حائل چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نبردآزما ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسی ورکشاپس کے ذریعے انڈسٹری اور اکیڈیمیا کو مزید قریب لانے کے مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دودھ سمیت کھانے والی دوسری اشیاء میں مضر صحت اشیاء و کیمیکلز کی ملاوٹ سے انسانی صحت متاثر ہو رہی ہے اور ایسی صورتحال میں صوبے کے تمام بڑے اضلاع میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا قیام احسن اقدا م ہے جس کی وجہ سے عوام کیلئے صحت افزاء خوراک کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد مل رہی ہے۔

ڈین کلیہ فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے کہا کہ مذکورہ انٹرن شپ اور سپلائرز ڈویلپمنٹ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد پیپسی کولا کے تعاون سے ممکن ہوا جس میں آٹھ جامعات کے طلباء و طالبات کو ٹریننگ دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ان کی کلیہ میں نوجوانوں کو پیشہ وارانہ اُمور میں بہتری کیلئے تدریسی کمروں اور لیبارٹری کے ساتھ ساتھ انڈسٹری میں بھی بھیجا جاتا ہے تاکہ وہ تمام حوالوں سے تربیت یافتہ افرادی قوت کے طو رپر اپنا مقام بنا سکیں۔تقریب سے ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر طاہر ظہور‘ اور پیپسی کولاسے اظہار اعوان نے بھی خطاب کیا۔