پنجاب سکوائش ایسوسی ایشن کی سالانہ جنرل کونسل میٹنگ ‘ 9 میں سی8 زونزکی شرکت

کافی عرصہ سے سکواش سے منسلک ہوں اور صدر بننے کے بعد سب کو ساتھ لے کر چلوں گا‘ڈاکٹر ندیم مختار

جمعرات 1 دسمبر 2016 13:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کی سالانہ جنرل کونسل میٹنگ لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوئی جس میں ٹوٹل نو میں سے آٹھ زونز نے شرکت کی اور الیکشن منعقد کیا گیا۔اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں صدرپنجاب سکواش ایسوسی ایشن امجد علی نون، شیراز سلیم سیکرٹری پنجاب سکواش ایسوسی ایشن، سینئر نائب صدر میاںفضل حق ، نائب صدور کرامت اللہ چودھری ، سہیل خان ایڈیشنل آئی جی پنجاب،طارق فاروق رانا،خزانچی محمد منصور، نعیم دستگیر خاں ، گروپ کیپٹن عامر نواز سیکرٹری پاکستان سکواش فیڈریشن،پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندے ایسوسی ایٹ سیکرٹری وقار علی، طیب سہیل اور زونل ممبران شامل تھے۔

کونسل کی میٹنگ میں امجد علی نون کی خدمات کو سراہا، کرامت اللہ چودھری کا کہنا تھا کہ امجد علی نون کی قیادت میں پنجاب سکواش ایسوسی ایشن نے بے شمار کارنامے سرانجام دیئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متفقہ طورپر ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکشن کمشنر لاہور چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر نعمان کبیر تھے۔ نومنتخب عہدیدارواں میں صدر ڈاکٹر ندیم مختار، سیکرٹری شیراز سلیم، خزانچی طارق صدیق ملک، سینئر نائب صدور سہیل خان، نائب صدور میں میاں فضل حق، عمر سعید ڈائریکٹر سروس ٹائرز، عمران مختار چودھری ،طارق فاروق رانا اور محمد منصور شامل ہیں۔

سات رکنی ایگزیکٹو کو نومنتخب باڈی منتخب کرے گی۔ نومنتخب صدر ڈاکٹر ندیم مختار کا تعلق پاکستان کے ممتاز گھرانے سے ہے۔ ان کے والد بریگیڈیئر (ر)مختار احمد ایک مشہور بزنس مین ہیں اور ان کے بڑے بھائی کراچی کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ہیں۔ صدر منتخب ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ندیم مختار کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ سے سکواش سے منسلک ہوں اور صدر بننے کے بعد سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ سیکرٹری شیراز سلیم اور ٹیم میں شامل دیگر افراد سب سکواش کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔ آٹھ سال تک صدر رہنے والے امجدعلی نون کا کہنا تھا کہ بہترین ماحول میں صاف ستھرے طریقے سے نئے صدر کا الیکشن ہونا خوش آئند ہے۔ ڈاکٹر ندیم مختار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :