وزیراعظم نواز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کا تقرر میرٹ نہیں بلکہ وفاداری کی بنیاد پر کیا۔شیخ رشید احمد کا الزام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 2 دسمبر 2016 13:01

وزیراعظم نواز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کا تقرر میرٹ نہیں بلکہ وفاداری ..

ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 دسمبر۔2016ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے فوج کے نئے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا تقرر میرٹ نہیں بلکہ وفاداری کی بنیاد پر کیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں ایک خصوصی انٹرویو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے گذشتہ 3 سالوں میں جتنی بھی تقرریاں کی ہیں وہ میرٹ کے بجائے وفاداری کو سامنے رکھتے ہوئے کی گئیں۔

انھوں نے کہا اگرچہ قمر جاوید باجوہ ایک اچھے آدمی ہیں اور میں ان کی حمایت کرتا ہوں، لیکن جو بات میں نے کی ہے میں اسے واپس نہیں لے رہا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کسی بھی شخص کا تقرر کرنے سے پہلے انٹرویو میں اپنی شرائط کو سامنے رکھتے ہیں، لہذا اس وفاداری کے نتائج ملک اور خود ان کی ذات پر کیا ہوسکتے ہیں یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ نواز شریف نے خود تعلقات کو خراب کروایا اور آج جب جنرل راحیل شریف چلے گئے تو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر حالات اچانک سے بہتر ہوگئے اور ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کی دعوت سے تو لگتا ہے اب معاملہ مذاکرات کی جانب جائے گا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا اس وقت تک دونوں ملکوں کے درمیان گشیدگی کم نہیں ہوسکتی۔

Invalid url